Loading
سعودی عرب، پاکستان، ترکیہ اور دیگر عرب و مسلم ممالک نے مقبوضہ مغربی کنارے کے حساس علاقے ای ون میں اسرائیل کی جانب سے نئی یہودی بستیوں کی تعمیر کے منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، پاکستان، ترکیہ، قطر اور مصر کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان میں ای ون منصوبے کی مکمل مخالفت کرتے ہوئے اسرائیل سے اسے فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ مغربی کنارے میں یہودی آبادکاری کا منصوبہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی علاقائی یکجہتی کو نقصان پہنچائے گا خصوصاً مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم کے درمیان رابطہ متاثر ہوگا۔
بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ اس منصوبے سے 1967 کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد، متصل اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست کے قیام کا امکان خطرے میں پڑ جائے گا۔
سعودی عرب، پاکستان سمیت آٹھ ممالک نے کہا کہ اس نئی آبادکاری کا منصوبہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی فلسطین اور اسرائیل کے لیے جامع امن کوششوں کو بھی براہِ راست چیلنج کرتا ہے۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کا یہ اقدام مغربی کنارے کے الحاق کو روکنے اور خطے میں استحکام پیدا کرنے کے لیے صدر ٹرمپ کی جانب سے ظاہر کیے گئے عزم سے متصادم ہے۔
عرب اور مسلم ممالک نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی دیگر غیر قانونی آبادکاری کی پالیسیوں اور فلسطینیوں و ان کی املاک کے خلاف آبادکاروں کے تشدد کی بھی مذمت کی۔
وزرائے خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ غیر قانونی آبادکاری کی سرگرمیوں میں ملوث افراد اور اداروں کے خلاف بین الاقوامی پابندیاں عائد کی جائیں جبکہ ان سرگرمیوں کی مالی معاونت یا دیگر طریقوں سے مدد کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔
خیال رہے کہ ای ون علاقے میں اسرائیلی آبادکاری کے مجموعی منصوبے میں تقریباً 12 مربع کلومیٹر رقبے پر 3 ہزار 400 رہائشی یونٹس تعمیر کرنے کی تجویز شامل ہے۔ اسرائیل نے اس وسیع منصوبے کی منظوری گزشتہ سال دی تھی۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی اس وقت خبردار کیا تھا کہ ای ون میں آبادکاری کا منصوبہ ایک مربوط فلسطینی ریاست کے وجود کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔
حالیہ دنوں میں 1,234 گھروں کی تعمیر کے لیے ٹینڈر جاری ہونے پر یورپی ممالک، فلسطینی حکام اور اسرائیلی انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی وزارت تعمیرات اور ہاؤسنگ نے رواں ہفتے ای ون علاقے میں 1,200 سے زائد رہائشی یونٹس کی تعمیر کے لیے ٹینڈر جاری کیا جس کے تحت 1,234 گھروں کی تعمیر کی جائے گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل