Saturday, August 22, 2026
 

بھارت میں 15 سال سے پولیس کو مطلوب 72 سالہ اعلیٰ تعلیم یافتہ بھتہ خور گرفتار

 



بھارت میں دہلی پولیس نے بھتہ خوری کے ایک مقدمے میں تقریباً 15 سال سے قانون کی گرفت سے باہر رہنے والے 72 سالہ شخص کو بالآخر جے پور سے گرفتار کر لیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ہری سنگھ شیخاوت کے خلاف 2008 میں ایک ملبوسات کی کمپنی سے مبینہ طور پر بھتہ طلب کرنے، مجرمانہ دھمکیاں دینے اور ادارے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ خود بھی اسی کمپنی میں ملازمت کر چکا تھا۔ مقدمہ 15 مارچ 2008 کو درج ہوا تاہم ہری سنگھ مسلسل عدالت میں پیش ہونے سے گریز کرتا رہا۔ قانونی کارروائی سے بچنے اور بار بار عدم حاضری کے باعث عدالت نے 2 اپریل 2016 کو ملزم کو اشتہاری قرار دے دیا تھا۔ دہلی پولیس کے خصوصی سیل نے طویل عرصے سے مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے دوبارہ سراغ رسانی شروع کی تو معلوم ہوا کہ ہری سنگھ گرفتاری سے بچنے کے لیے پہلے گجرات منتقل ہوا اور بعد میں راجستھان جا کر روپوش ہوگیا۔ پولیس نے ایک ماہ سے زائد عرصے تک اس کی نقل و حرکت پر نظر رکھی۔ بالآخر 13 اگست کو خفیہ اطلاع ملی کہ وہ جے پور کی ایک رہائشی سوسائٹی میں موجود ہے۔ پولیس ٹیم نے سوسائٹی پہنچ کر مشتبہ شخص کی شناخت اور وہاں اس کی موجودگی کی تصدیق کی جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے ہری سنگھ شیخاوت کو گرفتار کرلیا گیا۔ دہلی پولیس کے مطابق گرفتار شخص اعلیٰ تعلیم یافتہ ہے اور ماضی میں کئی معروف کمپنیوں میں اہم عہدوں پر کام کر چکا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہری سنگھ کی گرفتاری کے ساتھ دہلی، گجرات، ہریانہ اور راجستھان کی پولیس کی جانب سے تقریباً ڈیڑھ دہائی سے جاری تلاش بالآخر ختم ہوگئی ہے۔ پولیس اب ملزم سے مقدمے سے متعلق مزید تفتیش اور اس عرصے کے دوران اس کی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات حاصل کر رہی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل