Thursday, February 20, 2025
 

مخالفین کو حسد اور بدتمیزی کے سوا کچھ نہیں آتا، نوازشریف

 



صدر مسلم لیگ ن نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز کیساتھ ملاقات میں جنوبی پنجاب سے ارکان صوبائی اسمبلی نے  مقامی بیوروکریٹس کے منفی رویہ کی شکایات جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی کارکردگی کے گن گائے. گزشتہ روز نواز شریف نے مریم نواز کے ہمراہ بہاولپور، رحیم یار خان، مظفر گڑھ، لیہ ، راجن پور اور ڈی جی خان کے ارکان صوبائی اسمبلی سے دو الگ الگ اجلاس کیے، جس کا مقصد نوجوان ارکان کو اپنے تحفظات اور شکایات سے پارٹی صدر کو آگاہ کرنے کا موقع دینا تھا مگر انھوں نے پارٹی صدر کو پنجاب حکومت کی کارکردگی سراہنے کے علاوہ کچھ نہ کیا.  ذرائع کے مطابق اجلاس کا آغاز پارٹی صدر کے خطاب سے ہواجس میں انھوں نے پارٹی کو درپیش سیاسی چیلنجز اور موجودہ صورتحال پرکھل کر بات کی جس کے بعد ایم پی ایز کو اپنے بات کہنے کا موقع دیا گیا.  تمام ایم پی ایز نے مریم نواز کی تعریفیں کرتے ہوئے نواز شریف کو بتایا کہ ان کے حلقوں میں حکومتی اقدامات کو خوب پذیرائی مل رہی ہے، رابطے پر ایک رکن صوبائی اسمبلی کہا کہ جب حکومت ایک افسر تعینات کرتی ہے وہی اس کی کارکردگی کی جواب دہ ہے. ایک اور ایم پی اے نے کہا کہ نواز شریف کے بعد ایم پی ایز نے صوبائی صدر رانا ثنااللہ سے ملاقات کی جس میں انھوں نے ضلعی افسران کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیے۔ رانا ثنااللہ نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ وہ ان کی تشویش سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کریں گے، نوازشریف نے کہاکہ معاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے، شرح سود میں کمی سے تاجر برادری کا اعتماد بحال ہوا ہے، مہنگائی کم ہو ئی ہے جس میں مزید کمی سے عوام کو زیادہ ریلیف ملے گا۔  عالمی مالیاتی ادارے وزیراعظم شہباز شریف کی محنت اور لگن کا اعتراف کر رہے ہیں،وقت نے ثابت کیا ہے کہ مخالفین کے پاس نفرت، حسد، گالیوں، گھمنڈ اور غیر شائستگی کے علاوہ کچھ نہیں۔ن لیگ سیاسی، دفاعی اور ترقی کے شعبوں میں ملک و قوم کی خدمت کا شاندار ریکارڈ رکھتی ہے، اگر ترقی کا تسلسل توڑا نہ گیا ہوتا، ملک خطے اور دنیا میں بہت آگے نکل چکا ہوتا، عوام مصائب کا سامنا نہ کر رہے ہوتے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل