Loading
نیویارک کی میئرشپ کے امیدوار اور ڈیموکریٹ رہنما ظہران ممدانی نے الزام عائد کیا ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ انہیں گرفتاری، ملک بدر کرنے اور امریکی شہریت ختم کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ انہیں اس لیے نشانہ بنا رہے ہیں تاکہ عوام کی توجہ اِن کی اُن پالیسیوں سے ہٹائی جاسکے جو محنت کش طبقے کے خلاف ہیں۔ ظہران ممدانی کا کہنا تھا کہ وہ ان دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے بلکہ ان کا بھرپور مقابلہ کریں گے، کیونکہ وہ ان نیویارک کے شہریوں کے حقوق کی بات کر رہے ہیں جو مہنگائی اور معاشی مشکلات کی وجہ سے شہر چھوڑنے پر مجبور ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ نہیں چاہتے کہ وہ ان مسائل پر آواز اٹھائیں جو محنت کش طبقے اور عام شہریوں کو درپیش ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران مہنگائی کم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن اب وہ اپنے وعدوں سے پیچھے ہٹ رہے ہیں، اسی ناکامی کو چھپانے کے لیے وہ ان پر حملے کر رہے ہیں۔ دوسری جانب سابق صدر ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ اگر ظہران ممدانی نے امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) کے اہلکاروں کو ان کے فرائض انجام دینے سے روکا تو انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔ صدر ٹرمپ نے ممدانی کی حمایت کرنے والوں کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں پاگل قرار دیا تھا۔ ظہران ممدانی نے واضح کیا ہے کہ وہ اس دباؤ کے باوجود نیویارک کے عوام کے حقوق اور مسائل پر آواز اٹھاتے رہیں گے اور ان دھمکیوں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل