Loading
بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانتوں میں عدالت نے توسیع کردی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 6 اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ایک ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔ سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستوں پر آج بھی دلائل نہیں ہوسکے جب کہ بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ بھی نہیں سنایا جا سکا۔ بانی پی ٹی آئی کی عدم دستیابی کے باعث ضمانت کی درخواستوں پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ یاد رہے کہ عدالت نے گزشتہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کو پیش کرنے یا بذریعہ ویڈیو لنک حاضری کے احکامات جاری کیے تھے۔ سماعت کے بعد عدالت نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت 9 ستمبر تک ملتوی کردی ۔ آج بانی پی ٹی آئی کی جانب سے خالد یوسف چوہدری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے ۔ واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان پر احتجاج، توڑ پھوڑ، اقدام قتل کی دفعات کے تحت 5 مقدمات درج ہیں جب کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ میں جعلی رسیدیں جمع کروانے پر بھی ایک مقدمہ درج ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل