Tuesday, July 15, 2025
 

انسداد اسمگلنگ کارروائیوں میں 7 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد

 



ملک میں انسداد اسمگلنگ کارروائیوں کے دوران 7 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی۔ ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ اور فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا، اس دوران 7 مختلف کارروائیوں کے دوران 6 ملزمان کو گرفتار کرکے 7 کروڑ 28 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 186.280 کلو گرام منشیات برآمد کرلی گئی۔ اے این ایف حکام نے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لاہور سےآسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل سے 4.3 کلو آئس برآمد کی۔ اسی طرح لاہور میں کوریئر آفس سے بیرون ملک بھیجے جانے والے پارسل سے جوتوں میں چھپائی گئی 380 گرام آئس برآمد کی گئی۔ علاوہ ازیں اسلام آباد میں فیض آباد بس ٹرمینل کے قریب ملزم کے قبضے سے 23 کلو آئس اور ایک کلو مشکوک مواد برآمد ہوا۔ دریں اثنا رنگ روڈ پشاور کے قریب 2 ملزمان کے قبضے سے 19.2 کلو چرس برآمد ہوئی جب کہ اسی علاقے میں موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان کے قبضے سے 5 کلو ہیروئن برآمد کرلی گئی۔ اسی طرح رنگ روڈ ہی کے قریب ایک اور کارروائی کے دوران ملزم کے بیگ سے 8.4 کلو چرس برآمد ہوئی۔ اُدھر ہاکس بے روڈ کراچی میں واقع کمپنی کے گودام میں 2 کنٹینرز میں موجود مشینیری میں چھپائی گئی 105 کلو آئس اور 20 کلو ہیروئن برآمد  کرلی گئی۔ تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل