Loading
سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم شاہد آفریدی نے باجوڑ کا خصوصی دورہ کیا اور متاثرین کے لیے 20 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے باوجود عوام کی بڑی تعداد اپنے محبوب کرکٹر کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے امڈ آئی۔ آفریدی کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور ان کی آمد پر ہر چہرے پر خوشی کے رنگ نمایاں تھے۔ دورے کے دوران شاہد آفریدی نے گورنمنٹ کامرس کالج میں قائم متاثرین کیمپ کا معائنہ کیا، متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرین کے لیے 20 لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا، جس پر متاثرہ خاندانوں نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔ شاہد آفریدی نے باجوڑ کی خواتین اور لڑکیوں کے لیے ایک وکیشنل سینٹر قائم کرنے کا وعدہ بھی کیا تاکہ وہ ہنر سیکھ کر اپنے مستقبل کو بہتر بنا سکیں۔ قومی کرکٹر نے متاثرہ بچوں اور بچیوں میں اسکول بیگز، کتابیں اور کھیلوں کا سامان تقسیم کیا تاکہ وہ تعلیم اور صحت مند سرگرمیوں کو جاری رکھ سکیں۔ اپنے دورے کے دوران شاہد آفریدی نے گورنمنٹ کامرس کالج باجوڑ میں بی ایس کمپیوٹر سائنس ڈپارٹمنٹ کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر شاہد آفریدی نے کہا کہ شاہد آفریدی فاونڈیشن کی طرف سے متاثرین آپریشن کی مدد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ باجوڑ کی سرزمین انتہائی خوبصورت اور یہاں کے عوام کافی مہمان نواز اور باصلاحیت ہیں۔ شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ باجوڑ میں کرکٹ کھیلنے والے باصلاحیت نوجوان موجود ہیں اور میری ذاتی کوشش ہوگی کہ انہیں ملک کی اچھی اکیڈمیوں میں داخل کرواسکوں۔ شاہد آفریدی نے متاثرین آپریشن کے بچوں کے ساتھ سیلفیاں بھی لیں اور ان میں اسپورٹس کا سامان بھی تقسیم کیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل