Loading
بھارت کی ریاست تلنگانہ کے ضلع ناگرکرنول میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک باپ نے اپنے ہی تین معصوم بچوں کو بے دردی سے جلا کر قتل کردیا اور بعدازاں کیڑے مار دوا پی کر اپنی بھی زندگی ختم کرلی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 38 سالہ گٹا وینکٹیشورلو کا اپنی بیوی کے ساتھ خاندانی تنازع چل رہا تھا۔ اسی رنجش کے باعث وہ 30 اگست کو اپنے تین بچوں کے ساتھ گھر سے نکلا۔ بچے اس امید پر باپ کے ساتھ گئے کہ وہ انہیں کچھ خرید کر دے گا، مگر باپ نے پٹرول چھڑک کر ان پر آگ لگادی۔ کچھ گھنٹوں بعد وینکٹیشورلو نے ویلڈنڈا منڈل میں زہریلی دوا پی کر خودکشی کرلی۔ اس واقعے کے بعد پورے علاقے میں کہرام مچ گیا اور اہل خانہ سمیت مقامی آبادی شدید صدمے میں ہے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ ڈرون کی مدد سے بچوں کی تلاش شروع کی گئی، جس کے دوران سوریاتھنڈا (اپونتلا منڈل) کے وینکٹا دھام میں پتھروں کے درمیان دو بچوں کی جلی ہوئی باقیات ملیں، جن کی شناخت رگھو ورشنی اور شیو دھرما کے طور پر ہوئی۔ بعد میں ایک اور بچی کی جلی ہوئی لاش بھی برآمد کرلی گئی۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اچمپیٹ مردہ خانے اور کلواکورتی سرکاری اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے متاثرہ خاندان کی شکایت پر مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل