Loading
ٹرائنگولر سیریز اور ایشیا کپ کی پلیئنگ الیون میں سلیکٹرز کا کوئی عمل دخل نہیں، کپتان اور ہیڈ کوچ ہی انتخاب کر رہے ہیں، دوسری جانب وکٹ کیپر کے حوالے سے سلیکشن کمیٹی کی تلاش ختم نہ ہوئی، ایشیا کپ کے بعد اس حوالے سے کام کیا جائے گا، محمد رضوان بدستور پلان کا حصہ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سلیکٹرز نے مسلسل ناکامیوں کے باوجود محمد حارث کو کھلانے اور محمد ابرار کو خاصی تاخیر سے موقع دینے کے معاملے سے دامن چھڑا لیا ہے، ذرائع کے مطابق پلیئنگ الیون کے انتخاب میں سلیکشن کمیٹی کا کوئی عمل دخل نہیں، یہ فیصلہ کوچ مائیک ہیسن اور کپتان سلمان علی آغا ہی کرتے ہیں۔ سلیکشن کمیٹی ذرائع کے مطابق اگر حارث اچھا پرفارم نہیں کر رہے تو صاحبزادہ فرحان کو وکٹ کیپر کی اضافی ذمہ داری بھی سونپی جا سکتی ہے، یاد رہے کہ اوپننگ بیٹر صاحبزادہ کو وکٹ کیپر قرار دینے پر سابق کپتان راشد لطیف بھی خاصی تنقید کر چکے ہیں، دورہ یو اے ای کے اسکواڈ میں شامل محمد وسیم جونیئر،حسین طلعت اور خوشدل شاہ کو ہی تاحال میدان میں اترنے کا موقع نہیں ملا، ٹیم مینجمنٹ کے پاس آپشنز بھی کم ہیں۔ دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کی کارکردگی ان دنوں موضوع بحث بنی ہوئی ہے، آخری10 میچز میں انھوں نے صرف 2 بار دوہرے ہندسوں کو پار کیا اور سب سے بڑا اسکور15 رہا، حارث نے 52 رنز5.77 کی اوسط سے بنائے، دورئہ بنگلہ دیش کے تینوں میچزس میں انھوں نے تیسرے نمبر پر بیٹنگ کی، ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلے میچ میں 8، پھر بقیہ دونوں میچز میں چوتھی پوزیشن پر کھیلتے نظر آئے۔ جاری ٹرائنگولر سیریز کے ابتدائی 3 میچز میں حارث نے نمبر 7 جبکہ چوتھے میں پانچویں نمبر پر بیٹنگ کی، بعض حلقے متواتر پوزیشن میں تبدیلی کو بھی ان کی خراب فارم کا سبب قرار دے رہے ہیں۔ اس حوالے سے ذرائع نے کہا کہ سلیکٹرز کو بھی حارث کی کارکردگی پر سخت تشویش ہے، مگر اب ایونٹ کے دوران کچھ نہیں کیا جا سکتا، مستقبل کیلیے بعض پرانے اور نئے وکٹ کیپنگ آپشنز نظروں میں ہیں،البتہ نئے وکٹ کیپرز کو تیار کرنے میں وقت لگے گا، محمد رضوان بھی بدستور پلانز کا حصہ ہیں ۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل