Saturday, September 06, 2025
 

کراچی: ڈسٹرکٹ سینٹرل میں او ایل ایکس کے ذریعے اغوا اور ڈکیتی کی انوکھی واردات سامنے آگئی

 



ڈسٹرکٹ سینٹرل میں شہری کے مبینہ اغوا اور ڈکیتی کی انوکھی واردات سامنے آگئی۔ تفصیلات کے مطابق عزیز آباد بلاک 8 میں سعد نامی نوجوان سے آن لائن خریدو فروخت کی ویب سائٹ او ایل ایکس پر رابطے کے بعد کار سوار افراد آئی فون موبائل خریدنے آئے تھے۔  اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ کار سوار افراد نے نوجوان سعد یونس کو موبائل فون چیک کرنے کے بہانے کار میں بٹھایا اور سعد کے گاڑی میں بیٹھتے ہی اس کو مبینہ طور پر اغوا کرلیا۔ دورانِ اغوا ملزمان نے خود کو اینٹی کرپشن افسر ظاہر کیا اور سعد یونس پر ہتھوڑی کے وار کرکے شدید زخمی کردیا گیا۔ زخمی نوجوان کے  مطابق اس نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے غریب آباد ریلوے پھاٹک پر چلتی گاڑی سے کود کر جان بچائی، تاہم کار سوار  ملزمان آئی فون لے کر فرار ہوگئے۔  زخمی سعد یونس کو پہلے نجی اسپتال اور بعد ازاں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ واقعے کے بعد عزیز آباد پولیس نے محض میڈیکل لیٹر جاری کر کے معاملہ نمٹانے کی کوشش کی ۔  پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ پولیس کی روایتی سستی اور غفلت کے باعث واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا جا سکا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل