Saturday, September 06, 2025
 

بھارت میں موجود ہوا کا کم دباؤ مزید طاقتور ہوگیا، کراچی میں کل سے موسلادھار بارش کا امکان

 



محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ گزشتہ روز شمال مغربی مدھیہ پردیش اورملحقہ مشرقی راجستھان پرموجود ہواکا کم دباؤ اب مزید طاقتور ہوکر  سندھ پرموجود ہے جس کے زیر اثر کراچی میں کل سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی جانب سے جاری کردہ پیش گوئی کے مطابق ہوا کا ایک کم دباؤ کل شمال مغربی مدھیہ پردیش اورملحقہ مشرقی راجستھان پرموجود تھا جوکہ اب مزید طاقتور ہو کرجنوب مشرقی راجستھان (انڈیا) اور ملحقہ سندھ پرموجود ہے۔ بیان کے مطابق اس سسٹم کی وجہ سے صوبہ سندھ کے مشرقی علاقوں میں طاقتورمون سون ہوائیں اثرانداز ہونے کا امکان ہے، کل شام سے11ستمبرتک کراچی ڈویژن میں وقفے وقفے کے ساتھ تیزہواوں اورگرج چمکے ساتھ درمیانی وموسلادھاربارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ تیز اسپیلز کی وجہ سے کراچی سمیت دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں اربن فلڈنگ (شہری سیلاب) کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ بیان کے مطابق آج شام سے 10 ستمبر تک تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، خیرپور، شہید بےنظیرآباد، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہیار، حیدرآباد، ٹھٹھ، بدین، سجاول اور جامشورو کے اکثر مقامات پر گرج چمک اور تیزہواؤں کے ساتھ موسلادھار اورشدید موسلادھاربارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دادو، لاڑکانہ، جیکب آباد، گھوٹکی میں آج سے 10 ستمبرتک تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں درمیانی شدت اورکہیں موسلادھاربارشوں کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ گڈو، سکھر اور کوٹری بیراج میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے تاہم آج دریائے سندھ میں گڈو کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب آنے کی توقع ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل