Saturday, September 06, 2025
 

یورپی یونین نے گوگل پر کھربوں روپے کا جرمانہ عائد کردیا، وجہ کیا تھی ؟

 



یورپی یونین نے کسی بھی ٹیکنالوجی کمپنی پر اب تک کا سب سے بڑا اور تاریخی جرمانہ عائد قرار دیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ جرمانہ گوگل کی ایڈورٹائزنگ ٹیکنالوجی (AdTech) میں مبینہ طور پر مسابقتی قوانین کی خلاف ورزی اور اپنی اجارہ داری قائم رکھنے کے الزامات پر عائد کیا گیا۔ یورپی یونین کمیشن نے ان الزامات کے ثابت ہونے پر امریکی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل پر 2.95 بلین یورو (تقریباً 3.2 بلین ڈالر) کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا۔ یورپی کمیشن کے بیان میں کہا گیا کہ گوگل نے اپنی اشتہاری مصنوعات کو غیر منصفانہ طور پر ترجیح دی، جس کی وجہ سے حریف کمپنیوں کو مارکیٹ میں نقصان پہنچا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس عمل نے مارکیٹ میں غیر ضروری رکاوٹیں کھڑی کیں اور چھوٹی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے لیے مقابلہ کرنا تقریباً ناممکن بنا دیا۔ بھاری جرمانہ عائد ہونے پر گوگل نے یورپی یونین کے فیصلے کو "مایوس کن" قرار دیتے ہوئے کہا کہ کمپنی نے ہمیشہ شفافیت اور صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کو ترجیح دی ہے۔ گوگل کے ترجمان نے عندیہ دیا ہے کہ کمپنی اس فیصلے کے خلاف اپیل بھی کرے گی۔ یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب یورپی یونین نے کسی بڑی امریکی ٹیک کمپنی پر بھاری جرمانہ عائد کیا ہو۔ اس سے قبل بھی گوگل، ایپل، ایمیزون اور میٹا (فیس بک) پر مسابقتی قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے لگ چکے ہیں۔ تاہم ماہرین نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا اس بار جرمانے کی رقم غیر معمولی ہے جس سے یورپ کی بڑی ٹیک کمپنیوں پر سخت پالیسیوں کا اشارہ ملتا ہے۔ تجزیہ کاروں نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا ہے کہ یورپی یونین کے اس فیصلے سے امریکا اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی کشیدگی میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔    

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل