Saturday, September 06, 2025
 

اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ، مسجد کمیٹی کے صدر زخمی اور بیٹا جاں بحق

 



اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ کے نتیجے میں مسجد کمیٹی کے صدر زخمی جبکہ بیٹا جاں بحق ہوگیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں مسجد کے باہر  فائرنگ سے مسجد کمیٹی کے صدر اور بیٹا زخمی ہوگیا ، شدید زخمی بیٹا دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔  پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا جو کہ مقتول کا رشتے دار بتایا جاتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر بارہ ایل میں مسجد کے باہر فائرنگ سے باپ اور بیٹا زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا جہاں کی ان کی شناخت 65 سالہ مفیظ الرحمٰن ولد اشرف اور بیٹے کو 30 مجیب کے نام سے کی گئی۔ چھیپا حکام کے مطابق شدید زخمی ہونے والا مجیب دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ مقتول کے والد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ایس ایچ او پاکستان بازار امام بخش لاشاری نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ علاقے میں قائم رحمانیہ مسجد کے باہر جھگڑے کے دوران ہوا جس میں زخمی ہونے والے والا شخص مفیظ الرحمٰن مسجد کا صدر فائرنگ سے زخمی ہو کر باپ اور بیٹا مسجد میں چلے گئے اور وہاں جا کر گر گئے جنھیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے فائرنگ میں ملوث ملزم عمر ولد یوسف کو گرفتار کر کے اسلحہ اور گولیاں برآمد کرلیں۔ انھوں نے مزید بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم بھی مسجد کمیٹی کا رکن بتایا جاتا ہے جس کی مزید تصدیق کی جا رہی ہے جبکہ مقتول اور ملزم آپس میں رشتے دار بھی ہیں اور فائرنگ کا واقعہ ذاتی رنجش کا بتایا جا رہا ہے اور اس حوالے سے پولیس گرفتار ملزم سے مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔ پولیس مقتول کے زخمی والد اور مسجد کے صدر کا بھی بیان قلمبند کر رہی ہے جبکہ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد مقتول کی لاش ورثا کے حوالے کر دی ہے ۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل