Saturday, September 06, 2025
 

کراچی میں جلوس کیلیے لگائے گئے استقبالیہ کیمپ کے قریب سے اسلحہ برآمد

 



شہر قائد کے علاقے گزری پی این ٹی کالونی میں سڑک کی صفائی کے دوران فٹ پاتھ پر لگائے گئے استقبالیہ کیمپ کے قریب شاپنگ بیگ سے اسلحہ برٓمد ہوا ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق گزری میں عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس کیلیے لگائے گئے استقبالیہ کیمپ کے قریب سے اسلحے سے بھرا شاپنگ بیگ برآمد ہوا۔ اسلحہ برآمدگی کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاوارث حالت میں ملنے والا پستول اور میگزین اپنے قبضے میں لے لیا۔ اس حوالے سے ایس ایچ او گزری اصغر علی کانگو نے بتایا کہ پی این ٹی کالونی سی بی سی کا عملہ صفائی کے دوران سڑک پر جمع کچرا اٹھا رہا تھا کہ انھیں فٹ پر لگے ہوئے ٹینٹ کی قناعت کے قریب سفید رنگ کا شاپر دکھائی دیا۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کرنے والوں نے وہاں موجود سبزی والے اور دیگر افراد سے معلوم کیا کہ جس کا ہے اٹھا لے لیکن کسی نے بھی شاپر کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا اس دوران صفائی کرنے والے سی بی سی کے عملے نے شاپر چیک کیا تو اس میں اسلحہ دکھائی دیا جس پر فوری طور پر پولیس کو آگاہ کیا گیا۔ اصغر کانگو نے بتایا کہ شاپر سے ملنے والا نائن ایم ایم پستول چند روز قبل پی این ٹی کالونی میں جھگڑے کے دوران کی جانے والی فائرنگ کا تسلسل ہے جسے پولیس کے خوف سے پھینکا گیا تھا جو کہ لوڈ تھا تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات کا عمل جاری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ اسلحہ ہفتے کو صبح سوا نو بجے کے قریب ملا تھا اور اس کا وہاں سے گزرنے والے کسی جلوس سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل