Saturday, September 06, 2025
 

منظم طریقے سے قوم کو ساتھ لے کر چلا جائے تو پاکستان بہت آگے جا سکتا ہے، حافظ نعیم الرحمان

 



جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے موسمیاتی تبدیلی اور پانی کے مسائل پر حکومتی اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ منظم طریقے سے قوم کو ساتھ لے کر چلا جائے تو پاکستان بہت آگے جا سکتا ہے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اسلام آباد میں "محفوظ مستقبل؛ آبی وسائل کا مؤثر انتظام اور ماحولیاتی تحفظ" کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کیا اور کہا کہ جماعت اسلامی پاکستانی قوم کے سامنے مسائل کا حل بھی رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مسائل کا حل پیش نہ کرنے کی وجہ سے ملک مشکلات کا شکار ہوتا رہا ہے، پانی کے مسئلے کو جماعت اسلامی کے "ری بلڈ پاکستان " منصوبے کا حصہ بنائیں گے۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ منظم طریقے سے قوم کو ساتھ لے کر چلا جائے تو پاکستان بہت آگے جا سکتا ہے، ہم نے مشکل حالات میں اپنے ازلی دشمن کو شکست دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2017 میں پاکستان کو ارلی وارننگ کے لیے قرض ملنا شروع ہوا، حکومتوں نے ارلی وارننگ کے حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کیے، ارلی وارننگ سسٹم نہ لگانے کے ذمہ داران کا تعین کیا جا نا چاہیے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی ہم مدد کرسکتے ہیں، سیلاب سے قبل کے اقدامات حکومت کو کرنے ہیں، موسمیاتی وارننگ سے متعلق ہمارے پاس آلات نہیں، اس سلسلے میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے کام نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کلاؤڈ برسٹ کی بروقت اطلاعات سے انسانی جانیں بچاسکتے ہیں، اگر پہاڑوں پر درخت موجود ہوں تو دو ڈگری درجہ حرارت کم کر سکتے ہیں، درجہ حرارت کم ہونے سے ہم کلاؤڈ برسٹ سے بچا جاسکتا ہے۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت میں شامل لوگ درختوں کو کاٹ رہے ہیں، بونیر سمیت ملک بھر میں سیلابی صورتحال کے مجرم درخت کاٹنے والے لوگ ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل