Loading
سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف دو مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 خوارج کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع لکی مروت کے علاقے پہاڑ خیل میں خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مشترکہ کارروائی کی۔
بیان میں کہا گیا کہ کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 10 خوارج مارے گئے اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو کلیئر کرتے ہوئے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر دوسری کارروائی ڈیرہ اسماعیل خان میں کی گئی جہاں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد بھارت کی سرپرستی میں سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں پر حملوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد کے ممکنہ ٹھکانے کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ عزم استحکام کے تحت ملک بھر میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بھرپور رفتار سے کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل