Friday, November 21, 2025
 

ضمنی انتخابات کے دوران ڈیوٹی کیلئے پاک فوج، سول آرمڈ فورسز کا ضابطہ اخلاق جاری

 



الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مختلف شہروں میں ضمنی انتخابات کے دوران ڈیوٹی سرانجام دینے والے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کردیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ضابطہ اخلاق آئین کے آرٹیکل 220 اور الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 233 کے مطابق جاری کیا گیا ہے جو قومی و صوبائی حلقوں کے ضمنی انتخابات کے لیے نافذ ہوگا۔ ضابطہ اخلاق میں بتایا گیا کہ ڈیوٹی سرانجام دینے والے اہلکار آرٹیکل 245 کے تحت اپنے مقررہ کردار کے مطابق فرائض انجام دیں، ووٹرز کو پولنگ اسٹیشن تک محفوظ رسائی فراہم کرنا، پولیس پہلے رسپانڈر، سول آرمڈ فورسز دوسرے رسپانڈر (اسٹینڈ بائی) اور پاک فوج تیسرے رسپانڈر (کیو آر ایف) ہوگی۔ فورسزکو بتایا گیا کہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کے باہر تعیناتی ہوگی، بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ پریس، بیلٹ پیپرز اور انتخابی مواد کی ترسیل کے دوران سیکیورٹی آئین کے آرٹیکل 220، 245 اور انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 اور الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت کام کریں۔ ضمنی انتخابات کے دوران ہر افسر اور جے سی او وہ اختیارات استعمال کرے گا جو الیکشن کمیشن نے تفویض کیے ہیں، ڈی آر او، آر او اور پولنگ اسٹاف کو ان کے فرائض کی ادائیگی میں مکمل سہولت فراہم کریں اور پورے انتخابی عمل میں مکمل غیر جانب داری برقرار رکھیں۔ سیکیورٹی اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ووٹرز اور انتخابی عملے سے شائستگی اور قانون کے مطابق برتاؤ کریں، مشکوک ووٹرز کی نشان دہی کریں تاکہ پولیس انہیں چیک کر سکے اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن کے باہر صرف سیکیورٹی پر توجہ دیں۔ مزید بتایا گیا کہ کسی بھی بے ضابطگی کی صورت میں پہلے پریزائیڈنگ افسر اور اپنے چین آف کمانڈ کو اطلاع دیں، اگر پریزائیڈنگ افسر کارروائی نہ کرے تو فوراً متعلقہ آر او کو اطلاع کریں، عوام کا اعتماد قائم رکھنے کے لیے قانون کی پابندی اور پرامن ماحول یقینی بنائیں۔ اہلکاروں کو بتایا گیا ہے کہ کسی امیدوار، پولنگ ایجنٹ یا میڈیا سے تکرار یا بحث نہ کریں، پریزائیڈنگ افسر یا پولنگ اسٹاف کے کام میں کسی قسم کی مداخلت نہ کریں، پولنگ اسٹیشن کے باہر ہونے والی بے ضابطگی پر خود سے کارروائی نہ کریں بلکہ پہلے رپورٹ کریں۔ الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ گنتی کے عمل میں مداخلت نہ کریں، کسی اہل ووٹر کو پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے سے نہ روکیں، سوائے اس کے کہ اس کے پاس کوئی ہتھیار یا غیر ضروری چیز ہو  وہ ہنگامہ آرائی یا انتشار پھیلائے۔ مزید کہا گیا ہے کہ پولنگ اسٹاف کے فرائض کسی صورت اپنے ذمے نہ لیں، ڈی آر او اور آر او کسی بھی وقت پولنگ اسٹیشن کا دورہ کر سکتے ہیں اور مبصرین کو پولنگ اسٹیشن میں داخلے کی اجازت ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل