Loading
پاکستان کی 12 سالہ فاطمہ نسیم ملک کے لیے سب سے زیادہ گنیز ورلڈ ریکارڈ بنانے والی خاتون کھلاڑی بن گئیں۔
تفصیلات کے مطابق گنیز ورلڈ ریکارڈ نےکراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی کی طالبہ کا آٹھواں عالمی ریکارڈ بھی منظور کر لیا اور تصدیقی ایمیل جاری کرکے اسے ورلڈ ریکارڈ ویب سائٹ پر اپڈیٹ کردیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کے عالمی دن کے موقع پر فاطمہ نسیم نے دونوں ہاتھوں میں انڈا پکڑ کر غباروں کو پھاڑنے کا عالمی ریکارڈ بنایا تھا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ نے فاطمہ نسیم کو کم سے کم 70 غبارے پھاڑنےکا ہدف دیا تھا، فاطمہ نے ہدف باآسانی حاصل کر لیا اور صرف 30 سیکنڈز میں اپنے ہاتھوں میں انڈا پکڑ کر 76 غبارے پھاڑ ڈالے جبکہ انڈا بھی ٹوٹنے نہیں دیا۔
واضح رہے کہ قبل ازیں فاطمہ نسیم نے4 مرتبہ بھارت کو شکست دی، حال ہی میں انہوں نے عالمی شہرت یافتہ لبرٹی باروس کو بھی مات دی تھی۔
فاطمہ نسیم کو دنیا کے مشکل ترین ریکارڈ توڑنے کا اعزاز حاصل ہے۔
اس سے قبل وہ دونوں ہاتھوں میں انڈا پکڑ کر فل ایکسٹینشن پنچ کا ریکارڈ اپنے نام کرچکی ہیں جبکہ دونوں ہاتھوں سے کہنیاں مارنے کا ریکارڈ بھی فاطمہ کے پاس ہے۔ اسٹرچنگ مقابلوں میں بھی فاطمہ نسیم نمبر ون ہیں۔
گنیز ورلڈ کے عالمی دن کے موقع پر پوری دنیا سے عالمی ریکارڈز بنائے جاتے ہیں۔ اس موقع پر دنیا کے بہترین اور منتخب امیداوروں کو مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔
فاطمہ نسیم پاکستان کے لیے سب سے زیادہ عالمی ریکارڈ بنانے والے راشد نسیم کی صاحبزادی ہیں۔
کسی حکومتی سرپرستی کے بغیر مسلسل عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے والی فاطمہ نسیم کا کہنا ہے کہ خواہش ہے کہ کبھی میری محنت کو حکومتی سطح پر سراہا جائے، اس طرح مزید ہمت، جذبہ اور عزم کے ساتھ محنت کرکے اپنی پاک سرزمین کا نام مزید بلند کرسکتی ہوں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل