Loading
پاکستان اور پرتگال نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کرلیا۔
چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے پاکستان میں تعینات پرتگال کے سفیر مینوئل فریڈریکو پینہیرو دا سلوا سے اسلام آباد میں پرتگال کے سفارتخانے میں ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر بات ہوئی، خاص طور پر نوجوانوں کے لیے پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں یاد دہانی کروائی گئی کہ پاکستان اور پرتگال نے 7 نومبر 1949 کو سفارتی تعلقات قائم کیے تھے اور گزشتہ 75 سالوں میں دونوں ممالک کے تعلقات دوستانہ اور خوشگوار رہے ہیں، فریقین نے دو طرفہ روابط میں مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں بتایا گیا کہ پاکستان اور پرتگال کی دو طرفہ تجارت میں اضافہ جاری ہے اور 2024 میں یہ 221 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ دونوں فریقوں نے اس ترقی کو سراہا اور تعاون کے نئے شعبے دریافت کر کے مزید توسیع کی صلاحیت پر بھی زور دیا، خاص طور پر آئی ٹی سیکٹر میں تعاون کو اہمیت دی گئی، جہاں پاکستانی اور پرتگالی کمپنیاں باہمی فائدہ حاصل کر سکتی ہیں۔
پاکستان نے اپنی بڑی اور نوجوان آبادی (241 ملین) کو اجاگر کیا، جس میں تقریباً 70 فیصد افراد کی عمر 30 سال سے کم ہے، اور ہنر مند آئی ٹی پیشہ وران کی بڑھتی ہوئی تعداد، بشمول خواتین کی بڑھتی ہوئی شمولیت کو بھی اجاگر کیا۔
پرتگالی سرکاری اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 54,318 پاکستانی شہری یا پاکستانی نژاد افراد اس وقت پرتگال میں مقیم ہیں۔ دونوں فریقوں نے دو طرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور مستقبل میں تعمیری رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل