Sunday, June 30, 2024
 

نوازالدین صدیقی کا چرس پینے کی عادت کا انکشاف

 



 ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار نوازالدین صدیقی نے ماضی میں دوستوں کے ہمراہ چرس پینے کا انکشاف کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نوازالدین صدیقی نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے فلمی کیریئر کی جدوجہد، ازدواجی زندگی اور ماضی کی تلخ حقیقتوں کے بارے میں بات کی۔

دورانِ انٹرویو نوازالدین صدیقی سے پوچھا گیا کہ کیا لوگوں کو شادی کرنی چاہیے؟ جس پر اداکار نے کہا کہ میں شادی کے خلاف ہوں، شادی کرکے انسان مشکل میں آجاتا ہے۔

نوازالدین صدیقی نے کہا کہ لوگ میری بات کا غلط مطلب لیں گے لیکن مجھے ایسا لگتا ہے کہ شادی غیرضروری ہے۔

اسی انٹرویو کے دوران نوازالدین صدیقی نے اپنے تلخ ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ میں ماضی میں ایسے لوگوں کے ساتھ اُٹھتا بیٹھتا تھا جنہوں نے مجھے چرس پینے کی عادت ڈال دی تھی۔

مزید پڑھیں: نوازالدین صدیقی اور اہلیہ کے درمیان صُلح ہوگئی

نوازالدین صدیقی نے کہا کہ میں نے اب چرس پینا چھوڑ دی ہے لیکن میں جب بھی اپنی اس خراب عادت کے بارے میں سوچتا ہوں تو مجھے بہت پچھتاوا ہوتا ہے۔

اداکار نے کہا کہ میں اب چرس یا کسی بھی دوسرے نشے کو فروغ نہیں دینا چاہتا، مجھے معلوم ہے کہ میں نے ماضی میں غلطیاں کی ہیں اور میں آج بھی اس کے لیے معذرت خواہ ہوں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ میں کئی بار بھنگ بھی پی ہے اور زیادہ تر ہولی (ہندوؤں کے مذہبی تہوار) کے موقع پر ہی پی۔

مزید پڑھیں: نواز الدین صدیقی کو مسلمان ہونے پر بالی ووڈ میں امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑا؟

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ سالوں سے نوازالدین صدیقی اور اُن کی اہلیہ عالیہ کے رشتے میں کافی مسائل چل رہے تھے، اداکار کی اہلیہ نے الزام لگایا تھا کہ نوازالدین صدیقی انہیں اور بچوں تشدد کا نشانہ بناتے تھے جبکہ گھر سے باہر بھی نکال دیا کرتے تھے۔

نوازالدین صدیقی کی عالیہ نے طلاق کی درخواست بھی دائر کی تھی جبکہ بمبئی ہائی کورٹ نے نوازالدین اور اہلیہ عالیہ صدیقی کو بچوں کا معاملہ خوش اسلوبی کے ساتھ حل کرنے کی ہدایت دی تھی لیکن اداکار نے عالیہ کو اپنی اہلیہ ماننے سے انکار کردیا تھا۔

بعدازاں، رواں سال مارچ میں نوازالدین صدیقی کی اہلیہ عالیہ صدیقی نے شوہر کے ساتھ اپنی صُلح کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ اُنہوں نے بچوں کی خاطر ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل