Thursday, February 26, 2026
 

ملک میں بڑھتے درجہ حرارت کے باعث ممکنہ خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری

 



بڑھتے درجہ حرارت کے باعث مارچ سے ستمبر 2026 کے دوران ممکنہ خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا گیا۔ این ڈی ایم اے کے مطابق درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کے باعث ممکنہ طور پر ہیٹ ویو اور گلیشیئر پگھلنے کے عمل میں تیزی کا خدشہ ہے۔ شمالی علاقہ جات کے درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کے پیش نظر مارچ تا ستمبر کے دوران گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے باعث سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔ گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا کے متعدد علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کی نگرانی جاری ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق مارچ سے جون کے دوران تیزی سے پگھلتے گلیشیئر کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، گلیشائی جھیلوں کے ممکنہ سیلاب کے باعث آبادیوں اور زرعی اراضی کو شدید نقصان کا اندیشہ ہے۔ گلگت بلتستان کے احمد آباد، فیض آباد، مجاور، وادی اشکومن، گلکن، گلمت بوبر اور وہند سمیت متعدد علاقے ممکنہ طور پر متاثر ہو سکتے ہیں۔ خیبر پختونخوا کے ریشون، کمراٹ، یارخن ویلی، لشٹ،استاچ، ڈزق اور بریپ کے علاقو ں میں گلیشائی جھیلوں کے سیلاب کا خدشہ ہے۔ پی ڈی ایم اے، جی بی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 سمیت تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی انخلا کے لائحہ عمل اور پیشگی انتباہی نظام فعال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عوام موسم کے حوالے سے بر وقت آگاہی یقینی بنائیں اور ممکنہ خطرات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ دریا کے کناروں اور گلیشیائی ندی نالوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔ این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ عوام ممکنہ خطرے کی صورت میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر فوری عمل کریں، مستند معلومات اور بروقت الرٹس کے لیے ’’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘‘ ایپ سے راہنمائی لیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل