Saturday, March 07, 2026
 

بھارتی گلوکار بادشاہ کے خلاف مقدمہ درج، معاملہ کیا ہے؟

 



بھارتی ریپر اور گلوکار بادشاہ ایک نئے تنازع میں گھر گئے ہیں اور ان کے خلاف باضابطہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں ریلیز ہونے والے ان کے ہریانوی فوک گانے نے مقامی سطح پر شدید ردعمل کو جنم دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق 40 سالہ گلوکار نے حال ہی میں ہریانوی فوک گانا ’’تیتری‘‘ جاری کیا تھا، جس کے بعد اس کے مواد پر اعتراضات سامنے آنے لگے۔ اس معاملے پر پنچکلا کے سائبر کرائم پولیس اسٹیشن میں مقامی شہریوں کی جانب سے ایف آئی آر درج کروائی گئی ہے۔ شکایت کنندگان کا مؤقف ہے کہ گانے کا مواد معاشرے پر منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔ درخواست گزاروں کی جانب سے دائر کی گئی شکایت میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ گانے کے بول اور اس کی میوزک ویڈیو میں مبینہ طور پر فحش مواد، نامناسب زبان اور اسکول یونیفارم میں لڑکیوں کے مناظر شامل کیے گئے ہیں، جو معاشرتی اقدار کے خلاف ہیں۔ شکایت میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گانے کے کچھ بول خواتین اور کم عمر لڑکیوں کی تضحیک کرتے ہیں اور نوجوان نسل کو غلط پیغام دیتے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق حکام نے اس معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ادھر ہریانہ اسٹیٹ وومن کمیشن نے بھی اس معاملے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے گلوکار بادشاہ کو وضاحت کے لیے طلبی کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔ یکم مارچ 2026 کو جاری کیے گئے اس گانے میں بادشاہ کے ساتھ گلوکارہ سمران جگلان کی آواز بھی شامل ہے۔ یہ گانا ریلیز کے بعد مقبول بھی ہوا اور اسے یوٹیوب پر اب تک 45 لاکھ سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل