Loading
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال تحصیل پسرور میں معرکۂ حق کے شہید محمد قدیر کے گھر گئے اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت و فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ قوم معرکۂ حق میں شہید ہونے والوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وطن عزیز پر جان نچھاور کرنے والے شہدا پر پوری قوم کو فخر ہے اور حکومت ان تمام شہدا کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے اس معرکے میں جامِ شہادت نوش کیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے دنیا بھر میں پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کی دھاک بٹھائی اور بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا۔ 55 سالہ محمد قدیر 10 مئی 2025 کی صبح چاروہ گاؤں میں بھارت کی جانب سے فائر کیے گئے مارٹر شیل کے دھماکے کے نتیجے میں شہید ہوئے تھے۔ اہل خانہ نے شہید کی قربانی پر فخر کا اظہار کیا۔
بعد ازاں وفاقی وزیر نے پسرور کے گاؤں مست پور میں 19 سالہ شہید فرحان سہیل کے گھر کا بھی دورہ کیا، اہل خانہ سے ملاقات کی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔احسن اقبال نے کہا کہ شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں اور ان کی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔ اس موقع پر شہید کے والد نے اپنے بیٹے کی شہادت پر فخر کا اظہار کیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل