Friday, May 08, 2026
 

آئی پی ایل: ’ہنی ٹریپ‘ اور دیگر سنگین خطرات، بی سی سی آئی نے الرٹ جاری کردیا

 



بھارتی کرکٹ بورڈ نے انڈین پریمیئر لیگ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام 10 فرنچائزز کو انتباہ جاری کردیا۔ بی سی سی آئی سیکریٹری دیواجیت سائیکیا نے فرنچائز مالکان اور حکام کو آٹھ صفحات پر مشتمل ہدایت نامہ بھیجا ہے جس میں سیکیورٹی، نظم و ضبط اور پروٹوکول کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش ظاہر کی گئی۔ رپورٹس کے مطابق کچھ کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف نے ٹیم مینیجر کی اجازت کے بغیر غیر متعلقہ افراد کو ہوٹل رومز تک رسائی دی جسے اب فوری طور پر ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔ نئی ہدایات کے تحت کسی بھی مہمان کو تحریری اجازت کے بغیر کھلاڑیوں یا اسٹاف کے کمروں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ ملاقاتیں صرف ہوٹل کی لابی یا دیگر مخصوص عوامی مقامات پر ہی کی جا سکیں گی۔ بی سی سی آئی نے ’ہنی ٹریپ‘ اور دیگر قانونی و سیکیورٹی خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے فرنچائزز کو محتاط رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ دوسری جانب فرنچائز مالکان کو بھی میچ کے دوران ڈگ آؤٹ یا گراؤنڈ میں کھلاڑیوں سے رابطے، گلے ملنے یا گفتگو سے روک دیا گیا ہے۔ بورڈ کے مطابق اس قسم کی سرگرمیاں میچ کے ماحول اور ٹیم ڈائنامکس پر اثر انداز ہو سکتی ہیں۔ ادھر ریان پراگ کے ڈریسنگ روم میں ویپنگ کرنے کے واقعے کے بعد بی سی سی آئی نے ویپ، ای سگریٹ اور دیگر ممنوع اشیا کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ بورڈ نے واضح کیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل