Monday, May 11, 2026
 

کراچی کا ایک علاقہ پیرس اور دبئی سے بہتر ہے، شبر زیدی کا دعویٰ

 



فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے سابق چیئرمین شبر زیدی نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی کا ڈیفنس فیز 8 پیرس اور دبئی سے بہتر ہے۔ ایکسپریس نیوز کراچی کے بیورو چیف فیصل حسین کے ساتھ پاورکاسٹ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شبر زیدی نے کہا کہ پی پی رہنما شرمیلا فاروقی نے کراچی اور پیرس کا موازنہ درست کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے ڈیفنس فیز 8 میں ایسی مارکٹیں ہیں جو پیرس اور دبئی سے بہتر ہیں، وہاں ریسٹورنٹس، دکانیں، عوام، اعلیٰ کوالٹی کی گاڑیاں سب دبئی سے بہتر ہے۔ شبر زیدی نے کہا کہ میں خود ڈیفنس فیز 6 کا رہائشی ہوں اور جب فیز 8 جاتا ہوں تو حیران رہ جاتا ہوں، میں آپ کو بھی مشورہ دوں گا وہاں جائیں اور دیکھیں رات کو تین بجے تک کیا ہوتا ہے، فیز 8 کو دیکھ کر کوئی یقین ہی نہیں کرسکتا کہ یہ کراچی کا حصہ ہے۔ سابق چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ اگر آپ کو یہ بات عجیب لگ رہی ہے تو آپ 40 سال پرانی دبئی کو دیکھ لیں۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پورٹ قاسم کے آگے ذوالفقار آباد کے نام سے ایک جدید شہر بن رہا ہے جس کے بعد لوگ دبئی کو بھول جائیں گے۔  اس پر میزبان فیصل حسین نے کہا کہ زرداری صاحب نے اس منصوبے کا اعلان 2008 میں کیا تھا، جس پر شبر زیدی نے کہا کہ اُس وقت آپ کے اپنے لوگوں نے ہی اس منصوبے کو خراب کروایا اور آج وہ لوگ دبئی میں بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کہانی ختم ہوگی تو ذوالفقار آباد شہر آباد ہوگا۔ واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے نجی ٹی وی پروگرام میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کراچی کو پیرس قرار دیا تھا جس کے بعد انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس کے بعد شرمیلا فاروقی نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا تھا کہ کراچی میرا گھر، میری جنت اور میرے لیے پیرس سے بہتر ہے، یہاں کے ساحلوں کا موازنہ دنیا کے کسی بیچ سے نہیں کیا جاسکتا۔ 

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل