Loading
جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سینیٹر مولانا عطاالرحمان نے وفاقی اور خیبرپختونخوا کی حکومت کے اقدامات پر شدید تنقید کرتے ہوئے صوبے کی حالت کو سنگین قرار دیا اور کہا کہ ہمارا صوبہ دہشت گردوں کے حوالے کردیا گیا ہے، آپ خدانخواستہ ملک توڑنے کی ابتدا کر رہے ہیں اور خیبرپختونخوا کو لہولہان دیکھنا چاہتے ہیں۔
جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سینیٹر مولانا عطا الرحمان نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم خون کے آنسو رو رہے ہیں اور آپ کو اپنے بلوں کی پڑی ہوئی ہے، خیبرپختونخواہ میں لاشیں اٹھ رہی ہیں اور ہمیں بات کرنے کی اجازت نہیں ملتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ خدانخواستہ ملک توڑنے کی ابتدا کر رہے ہیں، ہم ملک کو توڑنا نہیں چاہتے، کیوں آپ خیبرپختونخواہ کو لہو لہان دیکھنا چاہتے ہیں، لکی مروت کی صورت حال دیکھیں، نورنگ بازار میں خون کی ندیاں بہہ رہی ہیں، ہم بار بار کہہ چکے ہیں اس پر ان کیمرہ اجلاس بلایا جائے تاکہ صورت حال واضح ہو لیکن نہیں بلایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لکی مروت میں پنجاب کی طرف سے بارڈر کراس کریں تو خون خواری ہے، ہم اپنے گھروں میں محصور ہوگئے ہیں، زندگی عصر کے وقت ٹھپ ہوجاتی ہے، ہمیں کوئی پرواہ نہیں خیبرپختونخواہ اور بلوچستان میں خون بہتا ہے تو بہتا رہے، ہمیں بتایا جائے کہ ہمارا خون اتنا سستا کیوں ہوگیا ہے۔
مولانا عطاالرحمان نے کہا کہ ہمیں یہ احساس نہ دلائیں کہ خیبرپختونخوا کا خون ارزاں ہوگیا ہے، یہ احساس پیدا ہوگیا تو آپ ملک توڑنے کی بنیاد رکھ رہے ہیں، ہم ملک نہیں توڑنا چاہتے، خدارا رحم کریں، اسٹیبلشمنٹ اور اداروں کو بھی ہمارا احساس ہونا چاہیے۔
خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا صوبہ دہشت گردوں کے حوالے کر دیا ہے، وہاں صوبائی حکومت کی کوئی رٹ نہیں ہے، وہاں کا صوبائی وزیراعلیٰ آج بھی سیرسپاٹے کے لیے نکلے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ ہمیں دیوار کے ساتھ کیوں لگانا چاہتے ہیں لہٰذا دست بستہ گزارش کرتا ہوں خیبرپختونخواہ، بلوچستان اور مظلوم قوموں کا خیال کریں۔
مولانا عطا الرحمان کے بیان پر جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ تاثر یہ دیا جا رہا ہے کہ یہاں ان کی آواز کو نہیں سنا جا رہا، پوری قوم جانتی ہے دہشت گردی کے خلاف فوج اور دیگر ادارے ڈٹ کر مقابلہ کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بنوں اور لکی مروت میں بزدل دشمن سافٹ ٹارگٹ پر حملے کر رہا ہے، فیلڈ مارشل، وزیراعظم اور پوری قوم کا پختہ عزم ہے کہ دہشت گردوں کو شکست دیں گے، یہ کیوں تاثر دیا جاتا ہے کہ دہشت گردی صرف ایک صوبے میں ہورہی ہے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ یہ ملک قائم رہے گا اور نہیں ٹوٹے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل