Loading
نادرا رجسٹریشن سینٹر ہاسپٹل چورنگی کا افتتاح کل شام ہوگا۔
افتتاحی تقریب میں ایم این اے سید آغا رفیع اللہ اور ڈی جی نادرا عامر علی خان شرکت کریں گے۔ نادرا مرکز میں موجودہ کاؤنٹرز کی تعداد 3 سے بڑھا کر 7 کر دی گئی ہے، جس کے نتیجے میں اب روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 300 افراد کو ٹوکن کی سہولت فراہم کی جا سکے گی۔
نادرا حکام کے مطابق پاک آئی ڈی، سکسیشن سرٹیفکیٹ اور بزرگ شہریوں کے لیے خصوصی علیحدہ کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ ایسے شہری جن کے بایومیٹرک فنگر پرنٹس کسی وجہ سے تصدیق نہیں ہو پاتے، ان کے لیے جدید آئی آر آئی ایس ڈیوائسز بھی نصب کی جا رہی ہیں۔
اس سہولت کے ذریعے آنکھ کی پتلی کو اسکین کر کے شناخت کی تصدیق کی جائے گی، جس سے شہریوں کو بایومیٹرک مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ معذور افراد کو قومی شناختی کارڈز کے مختلف امور کے لیے مرکز میں وہیل چیئر فراہم کرنے کی سہولت بھی رکھی گئی ہے۔
بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے اسٹینڈ بائی جنریٹر نصب کیا گیا ہے، جبکہ عوام کی سہولت کے پیش نظر تقریباً 100 افراد کے لیے ایئر کنڈیشنڈ ویٹنگ ایریا کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ مرد و خواتین کے لیے علیحدہ واش رومز اور پینے کے صاف پانی کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے۔
نادرا کی جانب سے ملیر اور کورنگی اضلاع کو الگ الگ زونز میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کے تحت اب ملیر ضلع کے شہریوں کو اپنے مسائل کے لیے کورنگی دفتر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی، جبکہ ملیر ڈسٹرکٹ کا زونل آفس بھی ہاسپٹل چورنگی مرکز میں ہی فعال ہوگا۔
نادرا حکام کے مطابق اگر رش زیادہ ہوا تو شہریوں کی سہولت کے لیے یہاں ایوننگ شفٹ بھی شروع کر دی جائے گی۔ یہ جدید سہولیات سے آراستہ مرکز ہاسپٹل چورنگی اور قریبی علاقوں کے مکینوں سمیت تقریباً 6 سے 8 لاکھ افراد کو نمایاں سہولت فراہم کرے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل