Friday, May 15, 2026
 

باجوڑ حملہ، سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، شفیع جان

 



خیبرپختونخوا حکومت کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے ضلع باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک گھناؤنا فعل قرار دیا ہے۔ اپنے ایک ہنگامی بیان میں انہوں نے حملے کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ شفیع جان نے وطن کی مٹی پر جان نچھاور کرنے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورسز کے جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر ملک کا دفاع کیا ہے ان کی یہ عظیم قربانیاں تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گرد اپنے بزدلانہ ہتھکنڈوں سے قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری اس جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر افواج کے پیچھے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ہمارا فخر ہیں اور ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور دکھ کی اس گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ شفیع جان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کو جلد اور مکمل صحت یابی عطا کرے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل