Monday, May 25, 2026
 

امریکا ایران جنگ بندی معاہدہ؛ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مزید کمی

 



امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی معاہدے کی امید بڑھنے پر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں دو ہفتوں کی کم ترین سطح پر آ گئیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت 5.04 ڈالر کمی کے بعد 98.50 ڈالر فی بیرل تک گر گئی جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 4.82 ڈالر کمی کے بعد 91.78 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔ اس طرح یہ دونوں بینچ مارکس 7 مئی کے بعد اپنی کم ترین سطح پر ٹریڈ کرتے رہے یعنی پیٹرول کی قیمتیں تقریباً 5 فیصد تک مزید گرگئیں۔ اگر امریکا اور ایران کسی معاہدے تک پہنچ جاتے ہیں اور آبنائے ہرمز سے پیٹرولیم مصنوعات کی دنیا بھر کو ترسیل بحال ہوجاتی ہے تو قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے۔ تیل کی قیمتوں میں یہ کمی امریکی صدر کے اس بیان کے بعد ہوئی کہ امریکا اور ایران کے درمیان ایک ایسے امن معاہدے پر بڑی حد تک اتفاق ہوچکا ہے جس کے نتیجے میں آبنائے ہرمز دوبارہ مکمل طور پر کھل سکتی ہے۔ خیال رہے کہ 28 فروری کو اسرائیلی اور امریکی حملوں میں ایرانی سپریم کمانڈر آیت اللہ خامنہ ای کی عسکری قیادت کے ساتھ شہادت کے بعد پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز کو بند کردیا تھا۔ آبنائے ہرمز سے دنیا کو تیل و گیس کا تقریباً 25 فیصد ترسیل ہوتا ہے لہذا اس کی بندش سے تیل کی قلت ہوئی اور شپنگ اخراجات میں اضافہ ہوا جس سے پیٹرول قیمتوں میں تاریخی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ادھر توانائی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ مذاکرات میں پیش رفت مثبت اشارہ ہے لیکن آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی سپلائی مکمل طور پر معمول پر آنے میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں کیونکہ خطے میں تیل اور گیس کی تنصیبات کو پہنچنے والے نقصانات کی مرمت ابھی باقی ہے۔ اسپارٹا کموڈیٹیز کی تجزیہ کار جون گوہ کے مطابق عالمی منڈی کو اب بھی روزانہ ایک کروڑ سے زائد بیرل خام تیل کی کمی کا سامنا ہے اس لیے مشرقِ وسطیٰ کی پیداوار مکمل بحال ہونے تک ذخائر پر دباؤ برقرار رہے گا۔ ادھر یو بی ایس کے تجزیہ کار جیوانی اسٹانووو نے کہا کہ تیل مارکیٹ کے لیے اصل اہمیت زمینی حقائق یعنی تیل کی حقیقی ترسیل کو حاصل ہے اور فی الحال آبنائے ہرمز سے گزرنے والی سپلائی محدود ہی ہے۔ شپنگ ڈیٹا کے مطابق پیر کے روز ایل این جی سے بھرے دو جہاز آبنائے ہرمز سے نکل کر پاکستان اور چین کی جانب روانہ ہوئے ہیں جبکہ عراقی خام تیل سے بھرا ایک بڑا سپر ٹینکر تقریباً تین ماہ پھنسے رہنے کے بعد ہفتے کو خلیج سے چین روانہ ہوگیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل