Monday, May 25, 2026
 

یوگنڈا؛ نیشنل پارک کی گاڑی سڑک عبور کرتے ہاتھی سے ٹکرا گئی؛ 3 اہلکار ہلاک، 4 زخمی

 



یوگنڈا کے مشہور مرچیسن فالز نیشنل پارک میں ریونیو اتھارٹی کی گاڑی رات کے اندھیرے میں سڑک پر اچانک آجانے والے ہاتھی سے ٹکراگئی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ تصادم اتنا خوفناک تھا کہ گاڑی کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ گاڑی میں یوگنڈا ریونیو اتھارٹی کے 7 اہلکار موجود تھے۔ یہ گاڑی شمال مغربی شہر اروآ سے دارالحکومت کمپالا کی جانب رواں دواں تھی کہ مرچیسن فالس نیشنل پارک کے اندر اچانک سڑک عبور کرتے ہاتھی سے ٹکرا گئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ 3 اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ 4 زخمیوں کو پہلے مقامی اسپتال اور بعد ازاں بہتر علاج کے لیے کمپالا منتقل کیا گیا۔ حکام نے ہاتھی کی حالت کے بارے میں کوئی تفصیلات جاری نہیں کیں تاہم یوگنڈا وائلڈ لائف اتھارٹی نے موٹرویز استعمال کرنے والوں کو خبردار کیا ہے کہ محفوظ جنگلاتی علاقوں میں ڈرائیونگ کے دوران انتہائی احتیاط برتی جائے کیونکہ جنگلی جانور اکثر سڑکیں عبور کرتے رہتے ہیں۔ ہاتھی دنیا کے سب سے بڑے زمینی جانوروں میں شمار ہوتے ہیں لیکن خطرہ محسوس ہونے یا راستہ بند ہونے کی صورت میں یہ انتہائی جارحانہ رویہ اختیار کر سکتے ہیں۔ افریقا میں کئی بار ایسے واقعات پیش آ چکے ہیں جہاں ہاتھیوں نے گاڑیوں کو الٹ دیا یا دیہات پر حملے کیے۔ بھارت میں 2023 کی سرکاری رپورٹ کے مطابق صرف ایک سال میں ہاتھیوں کے حملوں سے 600 سے زائد افراد ہلاک ہوئے جبکہ سری لنکا میں بھی انسان اور ہاتھی کے درمیان تصادم ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل