Loading
ویتنام میں منعقدہ انڈر 17 ایشین بیچ ریسلنگ چیمپئن شپ 2026 میں پاکستانی ریسلرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک گولڈ اور ایک سلور میڈل اپنے نام کر لیا۔
90 کلوگرام کیٹیگری میں پاکستان کے محمد عثمان لغاری نے غیرمعمولی کھیل پیش کرتے ہوئے گولڈ میڈل اور ایشین چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے پورے ایونٹ میں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے ابتدائی مقابلے میں میزبان ویتنام کے حریف کو شکست دی جس کے بعد منگولیا اور چین کے ریسلرز کو بھی ہرایا۔
محمد عثمان لغاری نے سیمی فائنل میں قازقستان کے ریسلر کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی جہاں انہوں نے ایک بار پھر ویتنام کے حریف کو زیر کرکے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔
دوسری جانب 70 کلوگرام کیٹیگری میں پاکستان کے حسن علی بھولا نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے سلور میڈل حاصل کیا۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے دوران اردن کے دو، سعودی عرب کے ایک اور ویتنام کے دو ریسلرز کو شکست دی۔
حسن علی بھولا نے سیمی فائنل میں چین کے مضبوط حریف کو مات دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی، تاہم فیصلہ کن مقابلے میں شکست کے بعد سلور میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔
ٹیم آفیشل اور کوچ غلام فرید نے کامیابی کا سہرا کھلاڑیوں کی مسلسل محنت، معیاری تربیت اور قومی جذبے کو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ریسلرز نے ایشیائی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل