Monday, June 01, 2026
 

کنزہ ہاشمی نے خود کو لاحق سنگین خطرے کا انکشاف کردیا، گھر کے ملازمین بھی ملوث نکلے

 



پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ کنزہ ہاشمی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ایک ایسے اسٹاکر کا سامنا کرنا پڑا جس کی سرگرمیوں نے ان کی ذاتی زندگی اور سیکیورٹی کو شدید متاثر کیا۔ اداکارہ کے مطابق اس واقعے کے بعد ان کے لیے لوگوں پر اعتماد کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔ کنزہ ہاشمی نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اپنی زندگی کے اس پریشان کن تجربے پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ بیرونِ ملک مقیم ایک شخص ان کا مسلسل تعاقب کر رہا تھا۔ حیران کن طور پر اس شخص نے ان کے گھر کے عملے کو بھی اپنے ساتھ ملا لیا تھا۔ اداکارہ کے مطابق ان کے گھر کے بعض ملازمین گزشتہ سات برس سے ان کے ساتھ کام کر رہے تھے، لیکن اس کے باوجود وہ خفیہ طور پر ان کے گھر کی نجی تصاویر اس شخص کو بھیجتے رہے۔ اداکارہ نے بتایا کہ گھر کے مختلف حصوں، ذاتی استعمال کی اشیا اور یہاں تک کہ ان کی ادویات تک کی تصاویر بنا کر اسٹاکر کو ارسال کی جاتی رہیں۔ کنزہ ہاشمی کا کہنا تھا کہ جب انہیں اس تمام صورتحال کا علم ہوا تو وہ شدید حیران اور پریشان ہو گئیں، کیونکہ جن لوگوں پر وہ برسوں سے اعتماد کر رہی تھیں، وہی ان کی نجی معلومات دوسروں تک پہنچا رہے تھے۔ کنزہ ہاشمی نے ایک اور ناخوشگوار واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں ایک دوسرے جنونی مداح کا بھی سامنا کرنا پڑا جو ان کے شوٹنگ سیٹ تک پہنچ گیا تھا۔ بعد ازاں وہ شخص ان کے گھر کے قریب بھی آ گیا، تاہم اپارٹمنٹ نمبر معلوم نہ ہونے کی وجہ سے وہ ان تک نہیں پہنچ سکا۔ اداکارہ کے مطابق اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے انہیں شوٹنگ سیٹ پر موجود عملے کی مدد لینا پڑی تاکہ اس شخص سے جان چھڑائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات ذہنی دباؤ اور خوف کا باعث بنتے ہیں، جبکہ کئی مرتبہ متاثرہ شخص کے پاس قانونی یا باضابطہ شکایت کے لیے بھی واضح راستہ موجود نہیں ہوتا۔ کنزہ ہاشمی کا کہنا تھا کہ ان تجربات نے انہیں اندر سے جھنجھوڑ کر رکھ دیا اور اب وہ پہلے کی طرح آسانی سے کسی پر اعتماد نہیں کر پاتیں۔ اداکارہ کے اس انکشاف نے شوبز شخصیات کو درپیش سیکیورٹی اور پرائیویسی کے مسائل پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل