Wednesday, June 03, 2026
 

ایران کے کویت پر میزائل اور ڈرون حملوں میں ہلاک ہونے والا شخص بھارتی تھا

 



کویت میں ایران کے میزائل اور ڈرون حملوں میں ہلاک ہونے والا شخص بھارتی شہری تھا جبکہ 63 افراد زخمی ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کویت میں ایران کے حملوں کے بعد ملک بھر میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا اور مختلف علاقوں میں خطرے کے پیش نظر کئی بار جنگی سائرن بجائے گئے۔ کویتی وزارتِ دفاع کے ترجمان میجر جنرل سعود العطوان نے بتایا کہ ایرانی حملوں کے دوران 5 مرتبہ جنگی سائرن بجانا پڑا۔ انھوں نے بتایا کہ کویتی فضائی دفاعی نظام نے 13 میزائلوں اور 17 ڈرونز کا سراغ لگایا اور متعدد اہداف کو تباہ بھی کیا۔ بعض تباہ کیے گئے میزائلوں اور ڈرونز کا ملبہ رہائشی علاقوں میں گرا جس سے جانی و مالی نقصان ہوا۔ حملوں میں شہری تنصیبات، حساس مقامات اور ہوائی اڈے کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ کویتی حکام نے تصدیق کی ہے کہ حملوں کے نتیجے میں ایک بھارتی شہری جان کی بازی ہار گیا جبکہ کئی افراد زخمی ہوئے ہیں جنھیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ وزارتِ دفاع کے اعداد و شمار کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک کویت پر مجموعی طور پر 869 ڈرون، 372 بیلسٹک میزائل اور 15 کروز میزائل داغے جا چکے ہیں جس سے ملک کی سلامتی کی صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل