Wednesday, June 03, 2026
 

سلمان خان کا بالی ووڈ پروڈیوسرز پر سنگین الزامات، مقدمہ دائر کردیا

 



سلمان خان نے بالی ووڈ کی آنے والی نئی فلم ‘کالا ہرن’ بنانے والے پروڈیوسرز پر پرسنلٹی رائٹس کی خلاف ورزی کا سنگین الزام عائد کرتے ہوئے مقدمہ دائر کردیا ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ اسٹار سلمان خان نے نئی آنے والی فلم کالا ہرن کے بنانے والوں کو قانونی نوٹس بھیج دیا ہے اور ان پر پرسنلٹی رائٹس کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے، نوٹس میں فلم کی ریلیز اور پروموشن فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ سلمان خان کی جانب سے قانونی نوٹس فلم کے کاسٹنگ ڈائریکٹراکشے پانڈے کو جاری کیا گیا ہے اور ان پر الزام ہے کہ فلم کا پروجیکٹ سلمان خان کے 1998 میں کالا ہرن کے شکار کے مقدمے سے متعلق ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ نوٹس کے مطابق سلمان نے فلم میں اپنا نام، تصویر یا اس واقعے کے حوالے سے کوئی بھی ملتی جلتی تصویر  کسی کو نہ تو استعمال کرنے کی اجازت دی ہے اور نہ ہی رضا مندی کا اظہار کیا ہے۔ بالی ووڈ اسٹار کی قانونی ٹیم کا کہنا تھا کہ ایسا کردار تخلیق کرنا بذات خود ہتک آمیز ہے اور اس معاملے پر جاری عدالتی کارروائی پر اثرانداز ہوسکتی ہے جو اس وقت راجستھان ہائی کورٹ میں زیرالتوا ہے۔ نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ فلم سلمان خان کے منصفانہ ٹرائل کے بنیادی حق کی خلاف ورزی اور مقدمے کو متاثر کرسکتی ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق فلم کے ڈائریکٹر بھرت ایس شرینیت اور پروڈیوسر امیت جانی نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ قانونی نوٹس پروڈکشن ٹیم کو ہراساں کرنے کی ایک کوشش ہے۔ فلم میکرز نے حال ہی میں کالان ہرن کا پوسٹر جاری کیا ہے، 20 جون کو ٹریزر جاری کرنے کے منصوبے کا بھی اعلان کیا ہے اور ان کا دعویٰ ہے کہ فلم حقیقی زندگی کے قانونی اور عدالتی واقعات سے متاثر ہے۔ اس تنازع سے سلمان خان کے خلاف 1998 میں ہرن کے شکار کے حوالے سے شروع ہونے والا مقدمہ دوبارہ نمایاں ہوگیا ہے، جس میں عدالت کے کئی فیصلے،  سزائیں، اپیلیں اور ضمانتیں شامل ہیں اورمقدمہ بدستور عدالت میں زیر التوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مذکورہ فلم کے تشہیری پوسٹر میں ایک ایسے شخص کو دکھایا گیا ہے جو ظاہری طور پر سلمان خان سے کافی مشابہت رکھتا ہے، ہاتھ میں بندوق تھامے ہوئے اور سلمان خان کا مشہور فیروزہ رنگ کا بریسلٹ بھی پہنے ہوئے ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل