Loading
کویت نے اپنے ہوائی اڈّے پر حملے کا ذمہ دار ایران کو ٹھہرایا تھا تاہم پاسداران انقلاب نے اسے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب جدید ٹیکنالوجی کہلائے جانے والے مہنگے ترین امریکی دفاعی نظام پیٹریاٹ کی غلطی تھی۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق پاسداران انقلاب کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مسافر ٹرمینل کو ہونے والا نقصان ایرانی حملے کا نتیجہ نہیں بلکہ امریکی ساختہ پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کی خرابی کے باعث پیش آیا۔
ترجمان پاسداران انقلاب نے مزید کہا کہ ایک پیٹریاٹ میزائل ایرانی میزائل کو روکنے میں ناکام رہا اور واپس آ کر ایئرپورٹ کے ٹرمینل سے ٹکرا گیا جس کے باعث ایئرپورٹ پر شدید جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔
تاحال کویت نے ایرانی پاسداران انقلاب کے اس دعوے پر باضابطہ ردعمل جاری نہیں کیا جبکہ واقعے کی وجوہات اور نقصان کے اصل سبب کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
یاد رہے کہ کویتی حکام اور متعدد بین الاقوامی ذرائع کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون کو ایران نے ڈرونز اور میزائل حملوں میں نشانہ بنایا۔ جس سے مسافر ٹرمینل میں آگ بھڑک اُٹھی اور وہ تباہ ہوگیا۔
اس حملے کے بعد کویتی ایئرپورٹ پر فضائی آپریشنز عارضی طور پر معطل کر دیے گئے تھے اور کئی پروازوں کا رخ دوسرے ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دیا گیا تھا۔
ان حملوں میں کم از کم ایک بھارتی شخص ہلاک اور 60 سے زائد افراد زخمی ہوئے گئے تھے۔ زخمیوں میں چار کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کویت اور بحرین کی جانب داغے گئے متعدد ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کو ناکام بنایا جبکہ ایران کا کہنا ہے کہ اس کی کارروائیاں امریکی حملوں کے جواب میں کی گئی تھیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل