Thursday, June 04, 2026
 

خیبر پختونخوا میں دو کارروائیوں میں 4 دہشت گرد ہلاک

 



خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی دو کارروائیوں میں  بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے چار دہشت گرد ہلاک کر دیے،  3 اور 4 جون کی درمیانی شب ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا۔  آپریشن کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔  شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دو دہشت گرد مارے گئے۔  ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع مہمند میں کیا گیا جہاں سکیورٹی فورسز نے مہارت کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے مزید دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق  علاقے میں موجود کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ وزیراعظم نے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی قابلِ ستائش ہیں، دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم اپنی بہادر مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، پاکستان کے امن، استحکام اور سلامتی کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے لیے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں، ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت اور سیکیورٹی ادارے پرعزم ہیں پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل