Loading
خالد بن ولید روڈ پر کار شوروم کے باہر سے گاڑیوں کے تاجر کرن کمار کے اغوا کا معمہ حل ہوگیا، تاجر کو لین دین کے تنازعے پر سکھر پولیس اٹھا کر لے گئی تھی جسے چھوڑ دیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ابتدائی طور پر یہ بتایا جا رہا تھا کہ تاجر کرن کمار کو مسلح افراد ایک شخص کی نشاندہی پر اغوا کر کے لے گئے اور اس حوالے سے آغا سائر نامی شخص نے فیروز آباد تھانے میں درخواست دی تھی کہ بدھ کی شب نامعلوم افراد اس کے بزنس پارٹنر اور قریبی دوست کرن کمار کو شوروم کے باہر سے ایک شخص کی نشاندہی پر پکڑ کر اپنے ہمراہ لے گئے۔
اس حوالے سے ایس ایچ او فیروز آباد عدیل افضال نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق تاجر کو سکھر پولیس کسی معاملے پر لے کر گئی تھی جسے بعدازاں چھوڑ دیا گیا تاہم تاجر کی جانب سے پولیس کو دیئے جانے والے بیان کے بعد صورتحال واضح ہو سکے گی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سکھر پولیس کی جانب سے گاڑیوں کے تاجر کو لے جانے سے قبل فیروز آباد تھانے میں کوئی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی جس کے باعث صورتحال واضح نہ ہوسکی اور کار شوروم کے باہر لگے ہوئے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج سے واقعہ بظاہر اغوا کر کے لے جانے کا لگا جس کا معمہ حل ہوگیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل