Loading
وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وفاق ہمارے 4 ہزار 7 سو 58 ارب روپے کا مقروض ہے اور ہمارے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کررہا ہے۔
دلہزاک روڈ انڈر پاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ آج خوشی کا موقع ہے کیونکہ آج عمران خان کے وژن کے مطابق ترقیاتی کاموں کا آغاز ہوا ہے، پشاور میں ترقی و بحالی کے لیے 100 ارب روپے جاری کیے ہیں آج 200 ارب کے منصوبوں کا افتتاح ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں ہمارے لوگ دربدر ہوئے، ترقیاتی کاموں کا آغاز پشاور سے کیا ہے 60 دنوں میں آپ تبدیلی دیکھیں گے، وفاق ہمارے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کررہا ہے، خیبرپختونخوا اور ضم اضلاع کے لیے این ایف سی شئیر نہیں دیا جارہا، 4 ہزار 7 سو 58 ارب روپے کا وفاق ہمارا مقروض ہے، یہ لوگ بیرون ملک میں جائیداد خریدتے ہیں، ایم پی ایز،ایم این ایز کی منڈیاں لگاتے ہیں، وفاق نے خیبر پختونخوا کے تمام منصوبوں کے لیے 50/60 کروڑ رکھے ہیں لیکن وہ بھی نہیں ادا کیے جارہے جنرل بس اسٹینڈ، سوات ڈیم کو وفاق این او سی نہیں دے رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ 78 سال سے ایک مخصوص ذہن خیبرپختونخوا کو ترقی سے محروم کیے ہوئے ہے، کیا خیبرپختونخوا کو حق حاصل نہیں کہ وہ ترقی دیکھے؟ ان کے بچے اچھی تعلیم حاصل کریں؟ خیبرپختونخوا واحد صوبہ ہے جس نے پاکستان کے لیے 80 ہزار جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہر نئی پالیسی کا فیصلہ بند کمرے میں کیا جاتا ہے، وفاقی حکومت ہمارے ساتھ زیادتی کررہی ہے، ہمارے 7 ہزار ورکرز مہینے میں چار مرتبہ اسلام آباد کی عدالتوں میں کیسز کے لیے پیشیاں بھگت رہے ہیں، گلگت بلتستان میں ہمارے پارٹی صدر کے لیے کیا سلوک کیا جارہا ہے وہ آپ کے سامنے ہے، گلگت بلتستان کی عوام ہمارے ورکرز کے ساتھ زیادتی کا بدلہ ووٹ سے لیں گے گلگت بلتستان کی عوام حق و سچ کا ساتھ دیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ پورے خیبرپختونخوا کے عوام چاہتے ہیں کہ بجٹ کی مشاورت بانی چیئرمین سے کی جائے، 9 جون تک وزیر خزانہ اور مجھے بانی چیئرمین سے ملنے کی اجازت نہ ملی تو 10 جون کو قومی اسمبلی کے سامنے دھرنا دیں گے، بانی چیئرمین کی صوبائی حکومت کے تین سال میں کسی کا باپ بھی مجھے نہیں ہٹاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ مانسہرہ میں 50 ارب روپے سیاحت کے فروغ کے لیے رکھے گئے ہیں، نوجوانوں کے لیے یوتھ پروگرام اور انٹرن شپ پروگرامز لارہا ہوں، اقلیتوں اور معذور افراد کے لیے بلاسود قرضے دئیے جائیں گے، ہیلتھ اور ایجوکیشن میں انقلابی اسکیمز لارہے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل