Monday, June 08, 2026
 

کراچی، فیس لیس ای ٹکٹنگ نظام کے تحت 40 ہزار گاڑیاں بلیک لسٹ قرار

 



ٹریفک پولیس کراچی نے فیس لیس ای ٹکٹنگ نظام کے تحت 40 ہزارگاڑیوں کو بلیک لسٹ قراردیدیا ، بلیک لسٹ قرار دی جانیوالی گاڑیوں کے مالکان کو یکم جولائی تک کی مہلت دی گئی ہے. تاکہ وہ اپنی گاڑیاں اپنے نام رجسٹرڈ، دستاویزات مکمل کروالیں اورسرکاری واجبات اداکر دیں، بصورت دیگریکم جولائی سے بلیک لسٹ قراردی جانیوالی گاڑیوں کے خلاف ٹریفک پولیس کراچی اورمحکمہ ایکسائزکی جانب سے سخت کریک ڈاؤن شروع کیاجائیگا.  ڈی ایس پی ٹریکس ملہیرخان نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ فیس لیس ای ٹکٹنگ نظام کے تحت وقتا فوقتاً ایسی 4 کیٹیگری کی گاڑیوں کی نشاندہی کی گئی،جن میں پہلی کیٹیگری ان گاڑیوں کی ہے، جنہوں نے خرید تو لی ہیں اور استعمال بھی کررہے لیکن انھوں نے گاڑیوں کی اونرشپ اپنے نام ٹرانفسر نہیں کروائی. دوسری کیٹیگری ایسی گاڑیوں کی ہے جن کے دستاویزات نامکمل ہیں ،مثال کے طور پر دستاویزات پر موبائل نمبر توموجودہے لیکن نام موجودنہیں ہیں. تیسری کیٹیگری ان گاڑیوں کی ہے جنھوں نے اب تک ای چالان کے سرکاری واجبات ادانہیں کیے اورچوتھی کیٹیگری ایسی گاڑیوں کی تھی جنھیں فروخت توکردیا گیالیکن فروخت کرنیوالے شہریوں نے محکمہ ایکسائز میں گاڑیاں فروخت کرنے کی اطلاع نہیں دی اورگاڑیاں ٹرانسفر نہیں کروائیں۔ انھوں نے بتایاکہ نے فیس لیس ای ٹکٹنگ نظام کے تحت ان کیٹیگری کی حامل 40 ہزارگاڑیوں کو بلیک لسٹ قرار دیدیا گیاہے اور بلیک لسٹ قراردی جانیوالی گاڑیوں کی فہرست سندھ پولیس کی ویب سائٹ پر ٹریکس کے پورٹل پرآویزاں کردی گئی ہیں تاکہ شہری اپنی گاڑیوں کی تفصیلات گاڑیاں کارجسٹریشن نمبر اورقومی شناختی کارڈکااندراج کرکے حاصل کرسکتے ہیں،کہیں ان کی گاڑی بلیک لسٹ تونہیں؟ ڈی ایس پی ٹریکس نے بتایاکہ بیلک لسٹ قراردی جانیوالی گاڑیوں کے مالکان کوجولائی تک کی مہلت دی گئی ہے، تاکہ وہ گاڑیوں کے مالکان کسی بھی قسم کی پریشانی و زحمت سے بچنے کیلیے اپنی گاڑیوں کے اونر شپ ٹرانسفر، دستاویزات مکمل کرلیں اورسرکاری واجبات اداکردیں، بصورت دیگر یکم جولائی سے نامکمل ریکارڈ اورغلط پتہ رکھنے والی گاڑیوں کیخلاف ٹریفک پولیس اور محکمہ ایکسائز کی جانب سے کریک ڈاؤن شروع کیاجائیگا ۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل