Wednesday, June 10, 2026
 

بنگلا دیشی کرکٹر ناہید رانا  کو آسٹریلیا کیخلاف شاندار بولنگ مہنگی پڑگئی

 



بنگلادیش کے نوجوان فاسٹ بولر ناہید رانا آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق ناہید رانا نے میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کے لیول ون کی خلاف ورزی کی جس پر انہیں سرزنش کے ساتھ ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا ہے۔ آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق بنگلادیشی فاسٹ بولر نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے مجوزہ سزا قبول کرلی جس کے بعد باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔ ناہید رانا نے آسٹریلوی بلے باز جوش انگلس کو آؤٹ کرنے کے بعد جارحانہ رویہ اختیار کیا تھا اور نامناسب زبان استعمال کی تھی جسے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔ دوسری جانب نوجوان فاسٹ بولر نے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلوی بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار رکھا۔ ناہید رانا نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ مستفیض الرحمان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ واضح رہے کہ بنگلادیش نے ڈھاکا میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کو 86 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ بارش سے متاثرہ میچ کا فیصلہ ڈی ایل ایس قانون کے تحت کیا گیا۔ 285 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز ہی بنا سکی۔ یہ بنگلادیش کی آسٹریلیا کے خلاف 21 سال بعد ون ڈے کرکٹ میں پہلی فتح ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل