Wednesday, June 10, 2026
 

کراچی میں اندھی گولیوں کا راج، 40 روز میں 43 شہری زخمی

 



کراچی پولیس کی ناکام حکمت عملی کی وجہ سے شہر میں اندھی گولیاں لگنے کے واقعات سامنے آرہے ہیں صرف 10 روز میں 21 جبکہ 40 روز میں 43 شہری زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق شہر میں اسلحے کے بڑھتے ہوئے بے دریغ استعمال نے شہریوں کی زندگیوں کو بدستور غیر محفوظ بنایا ہوا ہے، نامعلوم سمت سے چلنے والی گولیوں سے شہری نہ تو سڑکوں پر اور نہ ہی گھروں میں محفوظ ہیں جبکہ پولیس شہر میں اسلحے کے بڑھتے ہوئے بے دریغ استعمال پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دیتی ہے جس کا خمیازہ شہریوں کو نامعلوم سمتوں سے آنے والی گولیوں سے زخمی ہو کر برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔  شہر میں گزشتہ ماہ مئی اور رواں ماہ جون کے 10 روز میں مجموعی طور پر 43 افراد نامعلوم سمت سے آنے والی گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے جس میں کمسن بچے ، بچیاں ، نوعمر لڑکے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ رواں ماہ جون کے صرف 10 روز میں نامعلوم سمت کی گولیاں لگنے سے 21 افراد جبکہ گزشتہ ماہ مئی کے مہینے میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولیاں لگنے سے 22 افراد زخمی ہوئے۔ شہر میں ایک ہی روز میں 4 سے 5 افراد بھی نامعلوم گولیوں کا نشانہ بنے ہیں لیکن پولیس شہر میں اسلحے بھر مار ، اس کے بے دریغ استعمال پر قابو پانے اور غیر قانونی اسلحہ برآمدگی کے حوالے سے واضح حکمت اپناتی نہیں نظر آرہی۔ ترجمان کراچی پولیس کی جانب سے گزشتہ ماہ مئی میں نامعلوم سمتوں سے زخمی ہونے والے میسجز کے مطابق یکم مئی کو شیرشاہ کے علاقے پراچہ بسم اللہ ہوٹل کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 33 سالہ عبدالعزیز زخمی ہوگیا۔ بلدیہ اتحاد ٹاؤن ہزار کالونی میں 40 سالہ صبا جبکہ گلشن معمار جنجال گوٹھ میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 25 سالہ ارسلان زخمی ہوگیا، 2 مئی کو اقبال مارکیٹ کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر گیارہ میں 12 سالہ معاویہ، 3 مئی کو مومن آباد کے علاقے 70 سالہ نرگس نامعلوم سمت سے آنے والی گولی گھر کے اندر لگنے سے زخمی ہوگئی۔ لیاری کے علاقے بغدادی حب چوکی بس اسٹاپ کے قریب نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے 50 سالہ مطیع اللہ، 5 مئی کو سائٹ بی کے علاقے شیر شاہ اسٹیٹ ایونیو روڈ کے قریب 45 سالہ سمیع اللہ، 6 مئی کو مومن آباد کے علاقے اورنگی عوام کالونی میں گھر کے اندر نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 19 سالہ اصغر شاہ، 8 مئی کو زمان ٹاؤن کے علاقے عیدگاہ فیملی پارک کورنگی میں نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے 25 سالہ آسیہ زوجہ عادل زخمی ہوگئی۔ اسی طرح 9 مئی کو اقبال مارکیٹ کے علاقے اورنگی صدیق اکبر کالونی میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 30 سالہ احسان، 10 مئی کو کورنگی کے علاقے ضیا کالونی میں 24 سالہ ساجد ولد منور، آرٹلری میدان کے علاقے شارع فیصل کے قریب 25 سالہ ساجد ولد تنویر، سکھن کے علاقے 9 نمبر کے قریب 8 سالہ علینہ دختر ارشد، 16 مئی کو سپر مارکیٹ کے علاقے لیاقت آباد 4 نمبر کے قریب 30 سالہ فیضان ، عوامی کالونی کے علاقے صنعتی ایریا میں ہوٹل کے قریب 35 سالہ جان محمد ، 17 مئی کو بلدیہ 12 نمبر سیکٹر 9 میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 30 سالہ بابرہ زوجہ نذیر احمد ، 22 مئی کو سرجانی ٹاؤن شاداب فلیٹس کے قریب 40 سالہ فوذیہ زوجہ شاہد ، 23 مئی کو اتحاد ٹاؤن آفریدی چوک کے قریب 13 سالہ صمد زخمی ہوا۔ 24 مئی کو عزیز آباد کے علاقے بھنگوریہ گوٹھ میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 28 سالہ امین ، 26 مئی کو شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے قائد آباد بندھ کے قریب 48 سالہ منیب، 28 مئی کو زمان ٹاؤن کورنگی ڈھائی نمبر کوسٹ گارڈ چورنگی کے قریب 10 سالہ علیشبہ دختر ادریس، سائٹ اے کے علاقے انصاف کانٹا خیبر چوک کے قریب 50 سالہ فاروق ، 30 مئی کو سول لائن کے علاقے پی آئی ڈی سی نالے کے قریب 38 سالہ ملک فرمان زخمی ہوگیا۔ ماہ جون کے 10 دنوں میں 22 شہری زخمی  رواں ماہ جون کے 10 روز میں کے دوران یکم جون کو محمود آباد کے علاقے اختر کالونی سیکٹر سی ، گلی نمبر 7 میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 8 سالہ محمد الہم، 3 جون کو قائد آباد کے علاقے سواتی محلہ میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 15 سالہ گلاب شاہ، چاکیواڑہ کے علاقے مرزا آدم خان روڈ پر نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 12 سالہ عبدالشکور، 3 جون کو زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی سیکٹر 50 سی عثمان ٹاؤن میں 31 سالہ القمہ زوجہ عبدالرحیم زخمی ہوا۔ 4 جون کو بریگیڈ کے علاقے لائنز ایریا میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 46 سالہ شبانہ زوجہ اسلم، 5 جون کو شہر کے مختلف علاقوں میں نامعلوم سمت سے گولیاں لگے سے 5 افراد زخمی ہوگئے جس میں گلستان جوہر کے علاقے بلاک 6 گل چوک کے قریب 2 سالہ عثمان ، لیاقت آباد کے علاقے 5 نمبر میں فلیٹ کے اندر نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 30 سالہ شمائلہ۔ ملیر سٹی کے علاقے غریب آباد میں 26 سالہ گلفام، آرام باغ کے علاقے مکہ اسٹور محمد بن قاسم روڈ کے قریب 17 سالہ سید محمد گلشیر جبکہ سرجانی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر سیون ڈی میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 16 سالہ ماہ نور دختر اسلم زخمی ہوگئی۔ 6 جون کو جیکسن کے علاقے کیماڑی سکندر آباد میں 28 سالہ عمیر حبیب ، بلوچ کالونی کے علاقے منظور کالونی میں 35 سالہ ارشاد ، گلشن معمار کے علاقے نور محمد گوٹھ میں 7 سالہ حسین ، اورنگی ٹاؤن کے علاقے علیگڑھ مارکیٹ کے قریب 6 سالہ حذیفہ زخمی ہوگیا۔ 7 جون کو لانڈھی کے علاقے 36 بی گلی نمبر 29 میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 40 سالہ اسمٰعیل ، قائد آباد مظفر آباد گلی نمبر 27 میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 75 سالہ سلمٰی زوجہ اشرف ، قائد آباد کے علاقے شیر پاؤ گلی نمبر 5 میں 50 سالہ صواب گل جبکہ اتحاد ٹاؤن قائمخانی کالونی میں نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے 2 سالہ زرناب دختر شان زخمی ہوگئی۔ اسی طرح 8 جون کو پیر آباد کے علاقے فرنٹیئر کالونی ایک نمبر کیکر گراؤنڈ کے قریب نامعلوم سمت کی گولی لگنے سے 25 سالہ جاوید ، اقبال مارکیٹ اورنگی ساڑھے گیارہ سندھ گوٹھ کے قریب نامعلوم سمت کی گولی لگنے سے 7 سالہ زینب زخمی ہوگئی جبکہ 10 جون زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی سیکٹر 50 اے روٹ 17 کے بس اسٹاپ کے قریب 40 سالہ ندیم نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔ شہر میں نامعلوم سمت سے شہریوں کے زخمی ہونے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شہر میں جنگل کا قانون رائج ہے اور شہری نامعلوم سمت کی اندھی گولی سے بلکل ہی غیر محفوظ دکھائی دیتے ہیں کسی کو کچھ نہیں پتہ کہ راہ چلتے یا گھر کے اندر نامعلوم سمت سے آنے والی گولی اس کی زندگی کا کیا فیصلہ کرتی ہے۔ شہر میں اسلحے کے بھرمار اور اس کے غیر قانونی بے دریغ استعمال کو روکنے والا کوئی دکھائی نہیں دیتا جس کا خمیازہ شہری روز کی بنیاد پر بھگت رہے ہیں جبکہ پولیس افسران کی جانب سے امن و امان کے حوالے سے بلند و بانگ ضرور کیے جاتے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل