Loading
ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ ویٹ ٹریننگ اور مزاحمتی ورزشیں انسان کی عمر بڑھانے اور قبل از وقت موت کے خطرات کم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں امریکا کے ایک لاکھ 47 ہزار سے زائد بالغ افراد کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا۔ یہ معلومات تین بڑے طبی مطالعات سے حاصل کی گئیں جو تقریباً 30 سال تک جاری رہیں۔
تحقیق کے دوران 35 ہزار سے زائد شرکا انتقال کر گئے جس سے سائنس دانوں کو مختلف طرزِ زندگی اور صحت کے نتائج کا موازنہ کرنے کا موقع ملا۔
شرکا نے بتایا کہ وہ ہر ہفتے کتنی دیر مزاحمتی ورزشیں کرتے ہیں، جن میں ویٹ لفٹنگ، جم کی مشینوں کے ذریعے ورزش اور پٹھوں کی طاقت بڑھانے والی دیگر سرگرمیاں شامل تھیں۔ اس کے ساتھ ساتھ پیدل چلنے، سائیکل چلانے اور تیراکی جیسی ایروبک ورزشوں کا ریکارڈ بھی لیا گیا۔
بعد ازاں محققین نے ورزش کی ان عادات کا موازنہ مختلف وجوہات سے ہونے والی اموات سے کیا، جن میں دل کے امراض، کینسر، سانس کی بیماریوں اور اعصابی امراض سے ہونے والی اموات بھی شامل تھیں۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ معتدل مقدار میں مزاحمتی ورزشیں کرنے والے افراد میں موت کا خطرہ نمایاں طور پر کم تھا۔ حیران کن بات یہ ہے کہ یہ فائدہ عمر، تمباکو نوشی، خوراک، الکحل کے استعمال، خاندانی طبی تاریخ اور دیگر جسمانی سرگرمیوں جیسے عوامل کو مدنظر رکھنے کے بعد بھی برقرار رہا۔
ماہرین کے مطابق یہ تحقیق اس بات کا مزید ثبوت فراہم کرتی ہے کہ پٹھوں کو مضبوط بنانے والی ورزشیں صرف جسمانی طاقت میں اضافہ نہیں کرتیں بلکہ مجموعی صحت کو بہتر بنا کر زندگی کو بھی طویل اور بہتر بنا سکتی ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل