Loading
شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال میں گھر سے بزرگ خاتون کی لاش ملی جنہیں مبینہ طور پر ڈکیتی کی واردات کے دوران ملزمان نے اینٹ مار کر قتل کیا۔
تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال میں ایک کمرے کے گھر سے بزرگ خاتون کی تشدد زدہ لاش ملی جسے سر پر اینٹ مار کر قتل کیا گیا تھا ، مقتولہ کی بیٹی واقعہ ڈکیتی کے دوران پیش آنے کا قرار دیتے ہوئے کہا کہ گھر سے نقدی اور طلائی زیورات غائب ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے شواہد حاصل کر کے مقتولہ کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی۔
اس حوالے ایس ایچ او گلشن اقبال سعود نے بتایا کہ مقتولہ کی شناخت 61 سالہ آمنہ زوجہ عبدالغفور کے نام سے کی گئی جو کہ بیوہ اور گلشن اقبال بلاک تیرہ جی مدینہ کالونی کچی آبادی میں 30 گز کے مکان کی پہلی منزل پر ایک کمرے میں اپنے معذور بیٹے کے ہمراہ رہائش پذیر تھی۔
انھوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آمنہ خاتون کو نامعلوم ملزمان نے اس کے ایک کمرے کے گھر میں داخل ہو کر سر پر اینٹ مار کر قتل کیا ہے جبکہ مقتولہ کے کان سے بالیاں بھی نوچی گئی تھیں تاہم واردات کے حوالے سے فوری طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
انھوں نے بتایا مقتولہ جس محلے میں رہائش پذیر تھی وہ انتہائی گنجان آباد علاقہ ہے اور اس بات کا بھی تعین کیا جا رہا ہے کہ خاتون کا قتل ہوگیا اور کسی کو خبر تک نہیں ہوئی۔ انھوں نے مزید بتایا کہ مقتولہ آمنہ کا بیٹا معذور ہے جو کہ وفاقی اردو یونیورسٹی میں ملازمت کرتا ہے جبکہ جس وقت واردات ہوئی مقتولہ خاتون گھر پر اکیلی تھی اور بیٹے کے گھر آنے پر واردات کا پتہ چلا۔
اسپتال میں مقتولہ کی بیٹی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ سرجانی ٹاؤن میں رہتی ہے اور والدہ کے قتل کا سن کر اسپتال پہنچی ہوں، میری بزرگ والدہ کے کانوں کو نوچ کر سونے کی بالیاں چھین گئیں ہیں جبکہ گھر میں لوٹ مار کی گئی چار سے ساڑھے چار تولہ سونا اور نقدی بھی لوٹی گئی ہے ، ہم کس سے کیا مطالبہ کریں ہماری تو ماں ہی دنیا سے چلی گئی۔
انھوں نے بتایا کہ ہم 4 بہنیں اور ایک معذور بھائی ہے جو کہ والدہ کے ہمراہ رہتا ہے اور جب وہ گھر پہنچا تو والدہ کی خون میں لت پت لاش پڑی تھی جسے بیدردی سے قتل کیا گیا تھا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل