Friday, June 19, 2026
 

وفاقی وزیر مصدق ملک کی بیلجیم ہاکی فیڈریشن کو پاکستان کے دورے کی دعوت

 



وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے بیلجیم ہاکی فیڈریشن کو انڈر 21 ٹیم کے پاکستان کے دورے کی دعوت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک، پاکستان ہاکی فیڈریشن کی دعوت پر خصوصی طور پر اسٹیڈیم پہنچے جہاں انہوں نے پاکستان اور بیلجیم کی ٹیموں کے درمیان میچ دیکھا۔ وفاقی وزیر کی آمد پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے گورننگ بورڈ کے رکن چوہدری پرویز سندھیلہ نے ان کا استقبال کیا اور انہیں قومی ٹیم، یورپی دورے اور آئندہ پروگرام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ مصدق ملک نے قومی کھلاڑیوں سے ملاقات کی، ان کا حوصلہ بڑھایا اور انہیں پاکستان ہاکی کے سنہری دور کی یاد دلاتے ہوئے کہا کہ یہی سبز ہلالی پرچم کبھی دنیائے ہاکی پر حکمرانی کرتا تھا اور اب اس عظیم روایت کو دوبارہ زندہ کرنے کی ذمہ داری موجودہ نسل کے کندھوں پر ہے۔ بعد ازاں ڈاکٹر مصدق ملک کی ملاقات ہیڈ کوچ منظور الحسن، نائب کوچ محمد وسیم، ٹیم مینیجر خواجہ محمد جنید اور قومی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں سے کرائی گئی۔ اس ملاقات کے دوران کھلاڑیوں نے وفاقی وزیر سے کھل کر گفتگو کی۔ کھلاڑیوں نے اس ملاقات کو اپنے لیے حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی نمائندوں کی سرپرستی انہیں مزید جذبے کے ساتھ کھیلنے کا حوصلہ دیتی ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک کی بیلجیم ہاکی فیڈریشن کے سی ای او سرج پیلے سے بھی ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بیلجیم کے درمیان ہاکی تعلقات کو مزید فروغ دینے، باہمی تعاون اور نوجوان کھلاڑیوں کے تبادلے پر تفصیلی گفتگو کی۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے سرج پیلے کو پاکستان کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے بیلجیم کی ہاکی ٹیموں، بالخصوص انڈر 21 ٹیم کو پاکستان آکر میچز کھیلنے کی بھی دعوت دی۔ سرج پیلے نے اس دعوت کا خیر مقدم کرتے ہوئے جلد بیلجیم کی انڈر 21 ٹیم کو پاکستان بھیجنے کی اصولی آمادگی کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان ہاکی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر ہاکی حلقوں کا کہنا تھا کہ جب سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی نے فیڈریشن کی باگ دوڑ سنبھالی ہے، قومی ہاکی کے حوالے سے ایک نئی امید اور مثبت فضا پیدا ہوئی ہے۔ فیڈریشن کی منظم منصوبہ بندی، بین الاقوامی ٹیموں کے خلاف مسلسل میچز، کھلاڑیوں کی بہتر تیاری اور عالمی سطح پر پاکستان ہاکی کو دوبارہ نمایاں کرنے کے اقدامات کو سراہا جا رہا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اگر یہی تسلسل برقرار رہا تو پاکستان ہاکی ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو گی اور دوبارہ عالمی سطح پر اپنی کھوئی ہوئی پہچان حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکتی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم تقریباً آٹھ سال بعد ایک بڑے عالمی ایونٹ میں شرکت کی تیاری کر رہی ہے۔ یورپ کی مضبوط ٹیموں کے خلاف یہ میچز نہ صرف کھلاڑیوں کے لیے قیمتی تجربہ ثابت ہو رہے ہیں بلکہ مستقبل میں عالمی مقابلوں میں بہتر کارکردگی کی بنیاد بھی فراہم کر رہے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل