Loading
آزاد جموں و کشمیر کی تین بڑی سیاسی جماعتوں مسلم کانفرنس، پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) نے ریاست مخالف پروپیگنڈہ کرنے والوں کو سخت سزائیں دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں آزاد جموں و کشمیر کی تین بڑی سیاسی جماعتوں مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شاہ غلام قادر، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما نبیلہ ایوب اور کرنل (ر) شیراز احمد نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کشمیر میں ریاست مخالف ایجنڈا لیے شہریوں کو اکسانے پر قانون کے مطابق سزا دی جائے۔
سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ کشمیر میں احتجاج کا غلط رویہ اپنایا گیا، ہماری افواج میں توڑ پھوڑ کی کوشش کی گئی مگر یہ کامیاب نہیں ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ آج ساری دنیا عالمی امن میں مثبت کردار پر پاکستان کی معترف ہے لیکن یہ گروہ پرتشدد ٹولہ ہے، جن لوگوں نے ہماری افواج کے خلاف تقاریر کی ہیں ہمارا مطالبہ ہے ان کو سر عام پھانسی دی جائے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہ غلام قادر اور رہنما پیپلز پارٹی نبیلہ ایوب نے کہا کہ پاکستان ہمارے لیے متبرک ریاست ہے اور جموں کشمیر کے 99 فیصد عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں لیکن یہ ٹولہ حقوق کی بات کرتے آئین پر جا پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تحریک نہیں چند لوگوں کا پاکستان مخالف ایجنڈا ہے ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔
کرنل ریٹائرڈ شیراز احمد نے کہا کہ جو ریاست سے ٹکراتا ہے اس کو جواب بھی ملتا ہے اس وقت راولا کوٹ میں ایک طوفان بدتمیزی ہے، ہمارے سپاہی اس طرح کی گمراہ کن سوچ کو مسترد کرتے ہیں اور ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل