Saturday, June 20, 2026
 

گلگت بلتستان؛ پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان حکومت سازی کا فارمولہ طے

 



پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے درمیان گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے لیے فارمولا طے پاگیا ہے، جس کے تحت پی پی پی حکومت بنائے گی اور مسلم لیگ (ن) تعاون کرے گی۔  گلگت بلتستان میں پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت اورتنظیموں کے درمیان تفصیلی مشاورت، باہمی اعتماد اور اتفاق رائے کے بعد  سیاسی اشتراک کے تحت حکومت کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے اور دونوں جماعتوں نے سیاسی استحکام، عوامی فلاح و بہبود اور جمہوری اقدار کے فروغ کو مقدم رکھتے ہوئے مل کر آگے بڑھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں جماعتوں کے درمیان طے پانے والے مجوزہ فارمولے کے تحت وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور اسپیکر پی پی پی سے ہوگا اور گورنر گلگت بلتستان کا عہدہ، اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ملے گا۔ پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان طے پانے والا پبلک مینڈیٹ فارمولا باہمی مشاورت، سیاسی ہم آہنگی  کا مظہر ہے اور اس بات پر متفق ہیں کہ ملک اور بالخصوص گلگت بلتستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے، عوامی مسائل کے حل، ترقیاتی عمل کو تیز کرنے اور جمہوری اداروں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے۔ دونوں جماعتوں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ذاتی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد، عوامی خدمت اور پاکستان کی مضبوطی و خوش حالی کے لیے مل کر کام کریں گی۔ گلگت بلتستان میں مشترکہ حکومت کا یہ فیصلہ سیاسی رواداری، قومی یک جہتی اور جمہوری تسلسل کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے گلگت بلتستان میں مؤثر، مستحکم اور عوام دوست حکمرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل