Saturday, June 20, 2026
 

پاکستان کی قابل تعریف کاوشوں کی بدولت امریکا کیساتھ مذاکرات ممکن ہوسکے؛ ایرانی صدر

 



پاکستانی وزیر داخلہ محسن نقوی ہنگامی طور پر ایران پہنچے صدر مسعود پزیشکیان اور وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات میں آج بروز اتوار 21 جون کو سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے محسن نقوی سے ملاقات میں امریکا ایران جنگ بندی مذاکرات میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور خصوصی طور پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ مذاکراتی عمل میں پاکستان کی برادرانہ اور ذمہ دارانہ سفارت کاری نے جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے اور مذاکرات کے نتائج کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ صدر پزیشکیان نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ بحران کے دوران ذمہ دارانہ، متوازن اور برادرانہ سفارت کاری کا مظاہرہ کیا جس کے نتیجے میں جنگ بندی کے معاہدے کی راہ ہموار ہوئی اور مذاکراتی عمل کو استحکام ملا۔ انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایران اور پاکستان مستقبل میں بھی خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے قریبی رابطے برقرار رکھیں گے۔ صدر پزشکیان نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، مذہبی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ قریبی تعاون نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کے امن اور ترقی کے لیے اہم ہے۔ پاکستانی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی صدر کو پاکستان کی جانب سے امن، مذاکرات اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے مسلسل حمایت کا یقین دلایا۔ اس موقع پر انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ تنازعات کے پرامن حل، سفارت کاری اور علاقائی استحکام کا حامی رہا ہے اور آئندہ بھی اسی پالیسی پر عمل پیرا رہے گا۔ علاوہ ازیں اس ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایران اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات، سرحدی تعاون، تجارت، علاقائی سلامتی اور مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل