Wednesday, July 01, 2026
 

کینسر کو شکست دینے کے بعد کیٹ میڈلٹن نے 24 گھنٹوں میں برطانیہ کی تین بلند ترین چوٹیاں سر کرلیں

 



برطانوی شاہی خاندان کی رکن، پرنسز آف ویلز شہزادی کیٹ مڈلٹن نے کینسر سے صحت یاب ہونے کے بعد ایک غیرمعمولی کارنامہ انجام دیتے ہوئے صرف 24 گھنٹوں کے اندر برطانیہ کی تین بلند ترین پہاڑی چوٹیاں سر کرلیں۔ انہوں نے یہ مشکل مہم کینسر کے مریضوں کی مدد اور فنڈز جمع کرنے کے مقصد سے مکمل کی۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 44 سالہ شہزادی کیٹ نے یہ چیلنج مغربی لندن کے معروف کینسر اسپتال رائل مارسڈن کے لیے فنڈ ریزنگ مہم کے تحت قبول کیا، جہاں وہ دو سال قبل اپنے کینسر کا علاج بھی کروا چکی تھیں۔ یہ مہم برطانیہ کے معروف ’’تھری پیکس چیلنج‘‘ کا حصہ تھی، جس میں انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور ویلز کی بلند ترین چوٹیوں کو 24 گھنٹوں کے اندر سر کرنا ہوتا ہے۔ اس دوران شرکا مجموعی طور پر تقریباً 3 ہزار 64 میٹر، یعنی 10 ہزار 52 فٹ، کی بلندی طے کرتے ہیں، جسے انتہائی دشوار جسمانی آزمائش تصور کیا جاتا ہے۔ چیلنج مکمل کرنے کے بعد جاری کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں شہزادی کیٹ نے کہا کہ بہت سے لوگ ان سے پوچھتے ہیں کہ انہوں نے یہ مشکل مہم کیوں اختیار کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کی ایک وجہ ذاتی بھی ہے، کیونکہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ آج صحت مند ہیں اور ان پہاڑوں پر چڑھنے کے قابل ہو چکی ہیں۔ تاہم ان کے مطابق اس مہم کا اصل مقصد ان تمام ڈاکٹروں، نرسوں، رضاکاروں اور طبی عملے کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے جو پورے برطانیہ میں کینسر کے مریضوں کی دیکھ بھال میں مصروف ہیں۔ https://www.instagram.com/reel/DaKgeEeToUu یاد رہے کہ مارچ 2024 میں شہزادی کیٹ نے پہلی مرتبہ عوام کو اپنی کینسر کی تشخیص اور کیموتھراپی کے آغاز سے آگاہ کیا تھا۔ تقریباً ایک سال بعد انہوں نے اعلان کیا کہ وہ کینسر سے صحت یاب ہو چکی ہیں اور بیماری اب ’’ری میشن‘‘ کے مرحلے میں ہے۔ صحت بحال ہونے کے بعد وہ بتدریج اپنی شاہی ذمے داریوں کی طرف واپس لوٹ رہی ہیں اور کینسر کے مریضوں کی معاونت کے مختلف منصوبوں میں بھی فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔ گزشتہ برس کینسنگٹن پیلس نے اعلان کیا تھا کہ شہزادی کیٹ اور ان کے شوہر شہزادہ ولیم کو مشترکہ طور پر رائل مارسڈن کینسر چیریٹی کا سرپرست مقرر کیا گیا ہے، جس کے بعد دونوں فلاحی سرگرمیوں میں مسلسل حصہ لے رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق چیلنج مکمل ہونے پر شہزادی کیٹ کا استقبال شہزادہ ولیم، ان کے بچوں شہزادہ جارج، شہزادی شارلٹ اور شہزادہ لوئس کے علاوہ ان کے والدین اور بھائی نے بھی کیا۔ اس موقع پر جاری بیان میں شہزادی کیٹ نے کہا کہ وہ اس مہم کے ذریعے یہ پیغام دینا چاہتی ہیں کہ کینسر کی تشخیص زندگی کا اختتام نہیں بلکہ ایک نیا امتحان ہے، جسے مناسب علاج، حوصلے اور معاونت کے ذریعے کامیابی سے عبور کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ بیماری انسان کی زندگی، جذبات اور سوچ پر گہرے اثرات مرتب کرتی ہے، لیکن بروقت علاج اور تعاون مریض کو دوبارہ معمول کی زندگی کی طرف لوٹا سکتا ہے۔ شہزادی کیٹ نے عوام سے اپیل بھی کی کہ وہ رائل مارسڈن کینسر چیریٹی کی مالی معاونت کریں تاکہ مزید مریضوں کو بہتر علاج، جدید سہولیات اور ضروری طبی خدمات فراہم کی جا سکیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل