Thursday, July 02, 2026
 

اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی نوجوان پر تشدد کی انتہا کردی؛ سوشل میڈیا پر تصویر وائرل

 



سوشل میڈیا نے اپنے احتجاج کے ذریعے اسرائیلی حکومت کو ان فوجیوں کے خلاف کارروائی پر مجبور کردیا جنھوں نے فلسطینی قیدی پر ظلم کی انتہا کردی تھی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر میں قیدی پر تشدد میں ملوث فوجی اہلکاروں کی شناخت کرلی گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل اس تصویر میں ایک شخص کی آنکھوں پر پٹی باندھ کر اس کے ہاتھ پاؤں باندھے گئے تھے اور اسے بستر سے بندھا ہوا دکھایا گیا تھا۔ جس پر فوجی تشدد کر رہے تھے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ واقعے کی مکمل جانچ کے بعد اس میں ملوث اہلکاروں کا سراغ لگا لیا گیا ہے اور ان کے کمانڈرز کی جانب سے باضابطہ تحقیقات جاری ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف نتائج کی روشنی میں مناسب کارروائی کی جائے گی۔ اسرائیلی ترجمان کے بقول اسرائیل مخالف بعض سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا یہ دعویٰ جھوٹا ہے کہ یہ تصویر شمالی غزہ میں کفیر بریگیڈ کی نیتزاح یہودا بٹالین کی کارروائی کے دوران لی گئی تھی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دعویٰ درست نہیں اور تصویر کو اس مخصوص آپریشن سے جوڑنا غلط معلومات پر مبنی ہے۔ تاہم بیان میں اسرائیلی فوج نے واقعے کی مزید تفصیلات، متاثرہ شخص کی شناخت، واقعے کے مقام یا وقت کے بارے میں معلومات جاری نہیں کیں۔ یہ بھی واضح نہیں کہ تصویر کس آپریشن کے دوران لی گئی تھی۔    

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل