Thursday, July 02, 2026
 

عامر خان اور گوری کا شادی کی تقریب سے متعلق نیا فیصلہ

 



بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان ہمیشہ اپنی کامیاب فلموں اور بہترین اداکاری پر خبروں کی زینت بنتے ہیں تاہم اس دفعہ ذاتی زندگی کے اہم فیصلے کے حوالے سے میڈیا میں نمایاں ہیں کیونکہ وہ گوری اسپرٹ کے ساتھ زندگی کے نئے سفر کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق عامر خان اور گوری اسپرٹ کی شادی آئندہ اتوار کو ممبئی میں واقع عامر خان کی رہائش گاہ میں ایک سادہ اور نجی تقریب میں ہوگی اور دونوں نے شادی کی تقریب مکمل طور پر نجی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جو بالی ووڈ کی روایتی شان دار اور پرتعیش شادیوں کے برعکس ہے۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ عامر خان اور گوری اسپرٹ نے بڑی تقریب کے بجائے سادگی اور قریبی اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنے کو ترجیح دی ہے جبکہ ان کے مداحوں اور میڈیا نے بھی اس پیش رفت کے ساتھ اپنی توجہ اس جانب مبذول کر لی ہے اور مصدقہ خبریں لانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ تازہ اطلاعات کے مطابق عامر خان اور گوری اسپرٹ کی شادی کے بعد کسی بڑی استقبالیہ تقریب کا بھی انعقاد نہیں کیا جائے گا، جس سے اس تقریب کی سادگی اور نجی نوعیت مزید نمایاں ہو گئی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق عامر خان اور گوری اسپرٹ 5 جولائی کو اسپیشل میرج ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ شادی کریں گے اور یہ تقریب عامر خان کی ممبئی میں واقع رہائش گاہ پر منعقد ہوگی، جس میں صرف قریبی اہل خانہ اور چند قابلِ اعتماد دوست شریک ہوں گے۔ مزید بتایا گیا کہ شادی کی نہ کوئی بڑی تقریب منعقد کی جائے گی اور نہ ہی فلمی صنعت سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے لیے کسی خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ عامر خان اس سے قبل مختلف انٹرویوز میں تصدیق کر چکے ہیں کہ وہ اور گوری اسپرٹ ایک شان دار اور پرتعیش تقریب کے بجائے سادہ انداز میں شادی کرنا چاہتے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ شادی کی تقریب سادگی اور معنویت سے بھرپور ہو، جس میں صرف ان کے قریبی عزیز اور دوست شریک ہوں۔ عامر خان نے رواں سال اپنی 60ویں سالگرہ کے موقع پر پہلی بار گوری اسپرٹ کو متعارف کرایا تھا اور باضابطہ طور پر ان کے ساتھ اپنے تعلق کی تصدیق کی تھی، جس کے بعد سے دونوں کی ذاتی زندگی کے حوالے سے مداحوں اور میڈیا کی دلچسپی مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔ عامر خان نے اس سے قبل مختلف انٹرویوز میں بتایا تھا کہ ان کا اور گوری اسپرٹ کا رشتہ غیر متوقع طور پر قائم ہوا، دونوں کی ملاقات خاندانی روابط کے ذریعے ہوئی اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کے درمیان قربت بڑھتی گئی۔ بعد ازاں ایک انٹرویو میں عامر خان نے کہا کہ وہ اور گوری اسپرٹ دونوں اپنے تعلق کو شادی میں بندھنا چاہتے ہیں،  وہ جذباتی طور پر خود کو پہلے ہی گوری کا شریک حیات سمجھتے ہیں اور شادی محض ان کے تعلق کو قانونی اور باضابطہ حیثیت دینے کا ایک رسمی فیصلہ ہے۔      

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل